Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آن لائن گیمنگ میں انٹرنیٹ سروس جانچنے کے لیے ’گیم موڈ‘ اقدام

’گیم موڈ‘ کے تحت بہترین انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنی کو سہ ماہی بنیادوں پر ایوارڈ دیا جائے گا۔ فوٹو: گلوبل ٹیک سٹوریز
سعودی عرب کے کمیونیکیشن و انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیشن نے مملکت میں آن لائن گیمز کھیلنے والوں کو بہتر انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے بارے میں آگاہ کرنے کے لیے ’گیم موڈ‘ کے نام سے نیا اقدام کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کمیونیکیشن و انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیشن اس اقدام کے ذریعے انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی ٹیلی کام کمپنیوں میں مقابلے کی فضا کو بہتر بنا رہی ہے۔
’گیم موڈ‘ کے تحت آن لائن گیمز کھیلنے والوں کو انٹرنیٹ فراہم کرنے والی ٹیلی کام کمپنی کی سروس کے معیار کو جانچنے کا موقع ملے گا اور وہ اس کے مطابق مارکیٹ میں دستیاب بہتر انٹرنیٹ سروس دینے والی کمپنی کا انتخاب کر سکیں گے۔

 

کمیونیکیشن و انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیشن کے مطابق ’گیم موڈ‘ کے تحت بہترین انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنی کو سہ ماہی بنیادوں پر ایوارڈ دیا جائے گا جس کا فیصلہ آن لائن گیمنگ میں تیز ترین رسپانس ٹائم پر کیا جائے گا جو نیٹ ورک کی کارکردگی کو جانچنے کا ایک اہم اشاریہ ہے۔
اس کے علاوہ کمیونیکیشن و انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیشن مملکت میں سب سے زیادہ کھیلی جانے والی آن لائن گیمز کے دوران مختلف انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز کی جانب سے رسپانس ٹائم کی سہ ماہی موازنہ رپورٹ بھی جاری کرے گا۔
کمیشن کے ڈیٹا کے مطابق ’گیم موڈ‘ کے پہلے جائزے کے تحت سنہ 2020 کی چوتھی سہ ماہی میں گیم ’فورٹنائٹ‘ میں موبیلی کمپنی 21 سیکنڈز کے رسپانس ٹائم کے ساتھ سرفہرست رہی جبکہ انٹگریٹڈ ٹیلی کام 28 سیکنڈز کے رسپانس ٹائم کے ساتھ دوسرے، زین 29 سکینڈز کے ساتھ تیسرے اور سعودی ٹیلی کام 35 سیکنڈز کے رسپانس ٹائم کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہی۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب کی گیمنگ مارکیٹ کی موجودہ مالیت دو ارب 60 کروڑ ریال ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ یہ سنہ 2030 تک اڑھائی ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔ اس کی سالانہ بڑھوتری کی شرح 22 فیصد ہے جو دنیا میں اس وقت سب سے زیادہ ہے۔

شیئر: