Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈونیشیا میں شیخ زاید جامع مسجد کی طرز پر تعمیر ہونے والی مسجد کا سنگ بنیاد

مسجد کی تعمیر ستمبر 2022 تک مکمل ہو جائے گی۔ فائل فوٹو اے ایف پی
متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ عہدیداروں نے انڈونیشیا میں مسجد کا سنگ بنیاد رکھے جانے کی تقریب میں شرکت کی ہے جو مکمل طور پر ابوظہبی کی شیخ زاید جامع مسجد کی طرز پر تعمیر کی جائے گی۔
عرب نیوز کے مطابق یہ مسجد انڈونیشیا کے صوبہ جاوا کے مرکزی شہر سولو میں تعمیر کی جائے گی جو صدر جوکو ویدودو کا آبائی شہر بھی ہے۔
ابو ظہبی کی سب سے بڑی شیخ زاید مسجد کی نقل ابو ظہبی کے ولی عہد محمد بن زید النہیان نے جولائی 2019 میں دورہ جکارتہ کے دوران صدر جوکو ویدودو کو تحفے میں پیش کی تھی۔
ولی عہد کے والد زید بن سلطان النہیان کے1990 کے دورہ انڈونیشیا کے بعد سے پہلی مرتبہ کسی اماراتی رہنما نے انڈونیشیا کا دورہ کیا تھا۔
مسجد کی افتتاحی تقريب میں اماراتی وزیر توانائی و انفراسٹرکچر سہیل بن محمد المزروعی کے علاوہ اسلامی معاملات اور انڈومنٹس کی جنرل اتھارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر محمد الکابی نے بھی شرکت کی۔
جبکہ انڈونیشیا کی نمائندگی وزیر مذہبی امور یاقوت چولیل قوماس، سولو شہر کے میئر جبران راکا بومنگ کے علاوہ دیگر عہدیداروں نے کی۔
امارات میں تعينات انڈونیشیا کے سفیر حسن باگیس نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’مسجد ایک سو فیصد ابو ظہبی کی شیخ زید مسجد کی نقل ہوگی جبکہ انڈونیشین سجاوٹی اشیا سے مسجد کی آرائش و زیبائش کی جائے گی۔‘
انڈونیشین سفير کے مطابق جنوب مشرقی مسلم ممالک میں سے اس مسجد کو مذہبی مقامات میں مرکزی سیاحتی اہمیت حاصل ہو گی۔

مسجد میں اسلامک سینٹر بھی قائم کیا جائے گا۔ فائل فوٹو اے ایف پی

سفیر کے مطابق ’اب نمازی شیخ زاید مسجد کی خوبصورتی کو سراہنے کے لیے سولو جا سکیں گے۔‘
3 ہیکٹیئر رقبے پر محیط اس مسجد کے چار میناروں کے علاوہ مرکزی گنبد کے ارد گرد چھوٹے گنبد ہوں گے۔ انڈونیشیا میں تعمیر ہونے والی اس مسجد میں دس ہزار نمازیوں کی گنجائش ہوگی۔
اماراتی حکومت اس مسجد کی تعمیر میں مکمل مالی معاونت کر رہی ہے جو ستمبر 2022 تک تیار ہو جائے گی۔ مسجد کی تعمیر کے اس منصوبے پر 2 کروڑ ڈالر کی لاگت آئے گی۔
امارات میں تعينات انڈونیشین سفير کے مطابق مسجد کی تاریخی حیثیت ہے، جس کے انتظامی امور کی نگرانی انڈونیشیا کی حکومت کی ذمہ داری ہوگی۔
مسجد میں اسلامک سینٹر بھی قائم کیا جائے گا جہاں اماراتی حکومت کی مدد سے علما کو تربیت دی جائے گی تاکہ مذہبی اعتدال پسندی کو فروغ دیا جائے۔
انڈونیشین سفیر حسن باگیس کے مطابق شیخ زید کی طرز پر بننے والی اس مسجد کے بعد اماراتی حکومت کی معاونت سے صدر جوکو ویدودو کے نام پر ایک اور مسجد بھی تعمیر کی جائے گی۔

شیئر: