Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’صادق سنجرانی کو ووٹ دینے کے لیے ہمارے سینیٹرز کو دھمکی آمیز فون کالز آئیں‘

مسلم لیگ ن کے سینیٹر حافظ عبدالکریم نے کہا کہ ’انہیں تین مرتبہ ٹی فون کال کی گئی‘ (فوٹو: سینیٹ)
پاکستان مسلم لیگ ن نے الزام عائد کیا ہے کہ ’اس کے سینٹرز کو چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں صادق سنجرانی کو ووٹ ڈالنے کے لیے فون کالز آرہی ہیں۔‘
جمعرات کو اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال نے نیوز کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ ’ان کے سینیٹرز کو ٹیلی فون کالز آرہی ہیں کہ حکومتی امیدوار کو ووٹ دیں۔‘
اس موقع پر مسلم لیگ ن کے سینیٹر حافظ عبدالکریم نے کہا کہ ’مجھے چھ،، سات اور نو مارچ کو فون کالز آئیں اور ان میں کہا گیا کہ ’آپ حکومتی امیدوار کو ووٹ دیں۔‘
میں نے ان سے یہ کہا کہ ’دیکھیں ملک کا حال آپ کے سامنے ہے۔ ہمارے ملک کا کتنا نقصان ہو چکا ہے۔ غریب پس گیا ہے، مہنگائی اتنی زیادہ ہو چکی ہے اور ملک اقتصادی طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ ہم کیسے ان (سرکاری امیدوار) کی حمایت کریں۔ میں نے کہا ہم میاں نواز شریف کے ساتھ ہیں۔‘
حافظ عبدالکریم نے مزید کہا کہ ’میرے خلاف ایک پرانا کیس کھول دیا گیا اور الیکشن شیڈول کا اعلان ہوتے ہی ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن کے نوٹسز آنے لگے۔‘
ان مبینہ دھمکی آمیز فون کالز پر سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما شاہد خان عباسی نے کہا کہ ’ہمارے سینیٹرز کو ٹیلی فون آرہے ہیں کہ ایوان میں نہ آئیں یا حکومتی امیدوار کو ووٹ دیں۔‘
’مجھے پہلی ٹیلی فون کال چھ مارچ کو واٹس ایپ پر آئی جو میں نہیں سن سکا۔ پھر سات مارچ اور نو مارچ کو بھی کالز آئیں۔‘
حافظ عبدالکریم نے کہا کہ ’سنہ 2016 کی ایک ایف آئی آر نکال کر اس میں میرا نام ڈال دیا گیا۔ اس کا مقصد مجھ پر دباؤ ڈال کر ووٹ لینا ہے۔‘

حافظ عبدالکریم نے کہا کہ ’سنہ 2016 کی ایک ایف آئی آر نکال کر اس میں میرا نام ڈال دیا گیا‘ (فوٹو: سینیٹ)

شاہد خان عباسی نے ان مبینہ فون کالز کے حوالے سے مزید کہا کہ ’یہاں کسی کا نام لینا مقصود نہیں، صرف خرابی کی نشاندہی کرنا چاہتے ہیں۔‘
پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما نے اس سوال پر کہ یوسف رضا گیلانی کے بقول ان کے سینٹرز کو ایسی کوئی فون کالز نہیں آرہیں پر کہا کہ ’گیلانی صاحب کے سینیٹرز کو فون نہیں آرہے ہوں گے پر ہمارے سینٹرز کو آرہے ہیں اور ہم ریکارڈ دکھا سکتے ہیں۔‘
نیوز کانفرنس میں سابق وفاقی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کا المیہ یہ ہے کہ یہاں ریاست غیر جانبدار نہیں ہو رہی۔ اس ملک میں تبدیلی اس دن آئے گی جب ریاستی ادارے ایمان دار ہوں گے۔‘

شیئر: