Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کورونا کے مصدقہ اور نازک کیسز میں ابھی ٹھہراؤ نہیں آیا‘

معمول کی زندگی گزارنے کے لیے حفاظتی تدابیر کی پابندی ناگزیر ہے۔ (فوٹو عاجل)
سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے اطمینان دلایا ہے کہ سعودی عرب میں دونوں کورونا ویکسینیں محفوظ اور موثر ہیں۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق وزیر صحت نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ مملکت میں استعمال کی جانے والی تمام ویکسینوں کا ریکارڈ اعلی درجے کا ہے۔ ویکسین لگنے کے دو ہفتے کے بعد کورونا وائرس سے موثر تحفظ حاصل ہورہا ہے اور  یہ بے حد محفوظ ہیں۔
انہوں نے کہا  کہ سب کے لیے میرا مشورہ ہے کہ وہ خود کو اس خطرناک وائرس سے بچانے کے لیے جلد از جلد ویکسین لے لیں۔ 
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے مصدقہ اور نازک کیسز میں ابھی تک ٹھہراؤ نہیں آیا۔ معمول کی زندگی گزارنے کا ہدف حاصل کرنے کے لیے حفاظتی تدابیر کی پابندی ناگزیر ہے۔ 
وزارت صحت کے ترجمان نے پریس کانفرنس میں تمام سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے پھر کہا کہ صحتی ایپ کے ذریعے جلد از جلد ویکسین لگوانے کا اہتمام کریں۔ سعودی عرب میں ویکسین سینٹرز کی تعداد  500 تک پہنچ گئی ہے۔

شیئر: