Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ممنوعہ مواد نہ ہٹایا تو ٹوئٹر کو بلاک کر دیا جائے گا: روس

گذشتہ ہفتے روس کی جانب سے ویب سائٹ کی سروس میں خلل ڈالا گیا تھا (فوٹو : فری پک)
روس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کو دھمکی دی ہے کہ ’اگر ممنوعہ مواد نہ ہٹایا گیا تو اس کو بلاک کر دیا جائے گا‘
منگل کے روز روسی نیوز ایجنسی تاس نے میڈیا اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مواد کی نگرانی کرنے والے روس کے وفاقی ادارے کے حوالے سے بتایا ہے کہ بندش سے بچنے کے لیے ٹوئٹر کو ایک ماہ کی مہلت دی گئی ہے۔
پچھلے ہفتے روسی ادارے کی جانب سے روس میں ٹوئٹر کی سروس میں یہ کہتے ہوئے خلل ڈالا گیا تھا کہ امریکی پلیٹ فارم نے روس کی درخواستوں پر عمل نہیں کیا، جن میں چائلڈ پورنوگرافی، منشیات کا استعمال اور بچوں کو خودکشی کی ترغیب دینے پر مشتمل مواد شامل تھا۔
روسی مانیٹر ادارے کے نائب سربراہ ویدم سبوٹن نے تاس کو بتایا کہ ’ہم ٹوئٹر کو ایک ماہ کا وقت دے رہے ہیں اور اس دوران ممنوعہ مواد کے حوالے سے ویب سائٹ کا ردعمل دیکھیں گے‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اگر ویب سائٹ نے اس دوران عمل درامد نہ کیا تو اس کو روس میں مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔‘
سبوتن نے انٹرفیکس نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ٹوئٹر کی جانب سے ممنوعہ مواد ہٹانے کے لیے کچھ خاص اقدامات نہیں کیے گئے‘
خیال رہے پچھلے چند ماہ کے دوران روسی حکام نے مغربی میڈیا پلیٹ فارمز پر دباؤ بڑھایا ہے خصوصاً ان اداروں پر جو کریملن کو سپورٹ کرتے ہیں۔
روسی مانیٹرنگ ادارے کی جانب سے گذشتہ ہفتے کہا گیا تھا کہ اس نے ملک بھر میں تمام موبائل اور 50 فیصد ڈیسک ٹاپ استعمال کرنے والوں کے لیے ویب سائٹ کی سپیڈ کم کر دی ہے۔
ٹوئٹر ترجمان نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے پچھلے ہفتے اے ایف پی کو بتایا تھا کہ ’کمپنی کسی غیرقانونی رویے پر سپورٹ نہیں کرتی اور آن لائن عوامی رابطوں کی بندش پر شدید تحفظات رکھتی ہے‘
 

شیئر: