Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظبی فراڈ کیس، چار ایشیائی باشندوں کو سزا، 90 ملین درہم جرمانہ

ملزمان کو سزا مکمل کرنے کے بعد ملک بدری کا فیصلہ سنایا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
ابو ظبی کی عدالت نے منی لانڈرنگ اور چار ہزار افراد کے ساتھ فراڈ کے الزام میں چار ایشیائی باشندوں اور ایک جیولری کمپی کو مجرم قرار دیا ہے۔
عدالت نے چاروں ملزمان کو پانچ سال قید، 90 ملین درہم جرمانے اور سزا مکمل کرنے کے بعد ملک بدری کا فیصلہ سنایا ہے۔
امارات کے خبر رساں اادارے وام کے مطابق ابوظبی کے جوڈیشل ڈیپارٹمنٹ میں انسداد منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کی انچارج عدالت نے چار ایشیائی باشندوں اور ایک کمپنی کے خلاف چار ہزار متاثرین کو سونے کی تجارت میں سرمایہ کاری کا لالچ دے کر منی لانڈرنگ اور دھوکہ دہی کے مقدمے کی سماعت کی۔
سونے کے زیورات کی تجارت میں مصروف کمپنی کو 50 ملین درہم جرمانہ کیا جائے گا۔ ضبط شدہ اشیا میں تقریباً 18 قیراط کا سات ہزار 430 گرام سونا شامل ہے۔ جس کی مالیت 1.37 ملین درہم ہے۔
تحقیقات سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ ملزمان نے اشتہارات ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پیجز پر شائع کیے۔ لوگو ں کو سونے کے کاروبار میں سرمایہ کاری کے لیے راغب کیا۔ ہر صارف کو دو ہزار درہم کی رکنیت کی فیس ادا کرنا تھی۔
ابوظبی جوڈیشل ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے عوام جھوٹے اشتہارات اور فریب انگیز دعوؤں کے لالچ میں آنے سے گریز کریں اور کسی بھی قسم کی مشکوک سرگرمی کی اطلاع دیں۔

شیئر: