Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حوثی شہری علاقوں میں’ بلا امتیاز‘ حملے کر رہے ہیں: ہیومن رائٹس واچ

گولہ باری سے لوگوں نے بڑے پیمانے پر نقل مکانی کی ہے( فوٹو عرب نیوز)
انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ (ایچ آر ڈبلیو) کے مطابق ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا فروری سے یمن سے مارب گورنریٹ میں زیادہ آبادی والے علاقوں میں’ بلا امتیاز‘ گولہ باری اور میزائل فائر کر رہی ہے۔
ہیومن رائٹس واچ نے کہا  کہ گولہ باری کی وجہ سے لوگوں نے بڑے پیمانے پر نقل مکانی کی جس سے یمن کا انسانی بحران بڑھ گیا۔
عرب نیوز کے مطابق انسانی حقوق کی عالمی تنظیم نے حوثیوں سے زیادہ آبادی والے شہری علاقوں میں بلا امتیاز فائرنگ بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ایچ آر ڈبلیو کے یمن کے لیے محقق افرح ناصر نے کہا ’حوثی فورسز نے سنگین زیادتیوں کا ارتکاب کیا ہے اور تنازعے کے دوران عام شہریوں کی حفاظت کو  نظر انداز کیا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا ’ حوثیوں کی جانب سے یمن کے مارب گورنریٹ کے زیادہ آبادی والے علاقوں میں اندھا دھند آرٹلری اور راکٹ حملوں نے بے گھر افرا د اور مقامی کمیونیٹیز کو شدید خطرے میں ڈال دیا ہے۔‘
ادھر یمن کی حکومت نے کہا کہ حوثیوں نے فروری میں مارب گورنریٹ کی جانب 10 بیلسٹک میزائل داغے تھے۔
امدادی کارکنوں نے کہا کہ حوثی آرٹلری نے فروری میں گورنریٹ میں بے گھر افراد کے کئی کیمپوں کو نشانہ بنایا جن میں الزور، وفج الملح، ثنات الصوابین اور ثنات الہیال شامل ہیں۔
پرہجوم کیمپوں پر راکٹ حملوں سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے مارب شہر کا رخ کیا۔
میزائل حملوں کا سلسلہ مارچ میں بھی جاری ہے۔ مقامی میڈیا نے دو واقعات میں عام شہریوں کی ہلاکت اور اہم انفراسٹرکچر کو بھاری نقصان پہنچنے کی اطلاع دی ہے۔

شیئر: