Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نوازشریف کی پاسپورٹ تجدید کی درخواست پر کوئی کارروائی نہ کی جائے‘ 

خط میں کہا گیا ہے کہ احتساب عدالت نواز شریف کو مفرور مجرم قرار دے چکی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
وزارت داخلہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے پاسپورٹ تجدید کرنے کی درخواست پر کارروائی نہ کرنے سے متعلق وزارت خارجہ کو خط لکھ دیا ہے۔ 
اردو نیوز کو دستیاب خط کی کاپی کے مطابق وزارت داخلہ نے بدھ کو اپنے خط میں کہا ہے کہ ’نوازشریف عدالتوں سے سزا یافتہ اور مفرور قرار دیے جا چکے ہیں جبکہ وہ حکام کو یہ مطمئن کرنے میں ناکام رہے ہیں کہ ان کے پاسپورٹ کی تجدید کیوں کی جائے۔‘
خیال رہے کہ وفاقی وزارت داخلہ نے سابق وزیراعظم کے پاسپورٹ کی تجدید نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ 
وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق نواز شریف نے اپنے ڈپلومیٹک پاسپورٹ کی تجدید کے لیے وزارت خارجہ کو برطانوی ہائی کمیشن کے ذریعے درخواست دی تھی۔ 
وزارت داخلہ کے جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ’توشہ خانہ ریفرنس میں احتساب عدالت نوازشریف کو مفرور مجرم قرار دے چکی ہے، جبکہ نوازشریف ایک اور مقدمے میں بھی لاہور کی عدالت میں مطلوب ہیں۔‘
خط میں کہا گیا ہے کہ ’سابق وزیراعظم نواز شریف کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے آٹھ ماہ کی مشروط ضمانت دی تھی جبکہ آٹھ ماہ بعد پنجاب حکومت نے ضمانت میں توسیع نہیں کی اس لیے نواز شریف کو بقیہ سزا کوٹ لکھپت جیل میں گزارنی ہے۔‘
وزارت داخلہ نے نواز شریف پر درج مقدمات کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ ’نواز شریف سزا سے بچنے کے لیے ملک سے فرار ہوئے۔ جب تک وہ عدالت میں پیش نہیں ہوتے انہیں مزید ریلیف نہیں دیا جا سکتا۔ سابق وزیراعظم اگر واپس آنا چاہیں تو ایمرجینسی ٹریول ڈاکومنٹ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔‘ 
وزارت داخلہ نے مزید کہا ہے کہ لندن میں برطانوی ہائی کمیشن کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا جائے کہ مذکورہ وجوہات کی بنیاد پر سابق وزیراعظم کے پاسپورٹ کی تجدید نہیں کی جا سکتی۔

شیئر: