Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طاقہ کا امارات میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

خلیجی قومی توانائی کمپنیاں تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے خود کو تبدیل کر رہی ہیں (فوٹو: سپلائیڈ)
ابوظبی کی توانائی کی بڑی کمپنی طاقہ نے شمسی پروجیکٹس کو بڑھانے اور ہائیڈروکاربن پر انحصار کم کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات میں 10 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق بدھ کو کمپنی نے اپنے اعلان میں کہا ہے کہ ’انتہائی موثر شمسی توانائی اور ریورس اوسموس ڈیسیلنیشن ٹیکنالوجی اس منصوبے کا بڑا حصہ ہو گی۔‘
طاقہ کے چیئرمین محمد حسن السویدی کا اس نئی سرمایہ کاری کے حوالے سے کہنا ہے کہ ’طاقہ کو اس نئی حکمت عملی کے لیے ہمارے شیئر ہولڈرز کی حمایت حاصل ہے اور وہ ابو ظبی کی کم کاربن والی توانائی اور پانی کے استعمال کی چیمپئن بننے کی راہ پر ہے۔‘
’یہ حکمت عملی طے کرتی ہے کہ کمپنی کس طرح اپنے مقاصد حاصل کرے گی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ‘جیسے جیسے ہم وبا سے نکلیں گے، پوری دنیا میں بجلی اور پانی کے صاف، قابل اعتماد اور پائیدار ذرائع کی ضرورت پر توجہ بڑھے گی۔‘
خلیجی قومی توانائی کمپنیاں تیل کی قیمتوں میں کمی، گلوبل وارمنگ کے حوالے سے بڑھتی آگاہی اور ہائیڈروکاربنز کے ماحول پر تقصان دہ اثرات کی وجہ سے خود کو تیزی سے تبدیل کر رہی ہیں۔
کمپنی نے ابو ظبی ایکسچینج مارکیٹ کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’ترقی متحدہ عرب امارات کی گھریلو مارکیٹ میں توانائی اور پانی کی بڑھتی طلب کو پورا کر کے اور منتخب بین الاقوامی مواقع سے فائدہ اٹھا کر ہی حاصل کی جا سکتی ہے۔‘
نئی حکمت عملی میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو کمپنی کے 49 فیصد شیئرز حاصل کرنے کی اجازت بھی ہو گی۔
طاقہ کے سی ای او حسین ثابت نے بلومبرگ سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’نئی حکمت عملی کے تحت سعودی عرب کمپنی کی توجہ کا مرکز بنے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ترجیحات کے لحاظ سے ہمارے پاس سعودی عرب میں آپریشنز دستیاب ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر ہم جی سی سی پر توجہ مرکوز کریں گے۔‘

شیئر: