Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مجھ پر تنقید کریں گے، تو آپ پر تنقید کرنے کا میرا بھی پورا حق ہے‘

ابھیشیک کا کہنا ہے کہ وہ خود پر کی جانے والی تنقید کو زیادہ سنجیدگی سے نہیں لیتے۔ فوٹو اے ایف پی
بالی وڈ اداکار ابھیشیک بچن سوشل میڈیا ٹرولز سے نمٹنے کی قابلیت کی وجہ سے بھی جانے جاتے ہیں۔ 
میگا سٹار امیتابھ بچن کے بیٹے ابھیشیک بچن سوشل میڈیا پر ہونے والی ٹرولنگ یعنی ہراساں کرنے والوں کو انہی کے انداز میں جواب دینے کی مہارت رکھتے ہیں۔
ابھیشیک کا کہنا ہے کہ لوگ تنقید کر کے دراصل خود کو تنقید کے لیے پیش کر دیتے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق بالی وڈ سٹار کا کہنا ہے وہ تنقید کرنے والے سوشل میڈیا صارفین کو تہذیب کے دائرے میں رہتے ہوئے واپس جواب ضرور دیتے ہیں لیکن ان کی طرح کیچڑ نہیں اچھالتے۔
ایک انٹرویو میں جب ابھیشیک سے سوال کیا گیا کہ انہوں نے شہرت پانے کے بعد اپنے بارے میں کیا سیکھا، تو ابھیشیک کا کہنا تھا کہ اس دوران انہوں نے سیکھا کہ کس طرح سے چیزوں کو خود پر اثر انداز نہ ہونے دیا جائے۔
’میری کھال اس سے زیادہ موٹی ہے جتنا کہ میرا خیال تھا۔‘
ابھیشیک کا کہنا تھا کہ منفی سوچ کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت اور موٹی کھال ہونا ضروری ہے، لیکن ساتھ ہی مزاح کی حس ہونا بھی بہت اہم ہے۔
’زندگی میں حس مزاح ہونا بہت ضروری ہے، ہم خود کو کچھ زیادہ ہی سنجیدگی سے لیتے ہیں، زندگی بذات خود کافی سنجیدہ ہے، خود پر ہنسنا سیکھیے۔‘

 ابھیشیک سوشل میڈیا ٹرولنگ سے بخوبی نمٹنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

ابھیشیک اپنے ٹرولز کو دلچسپ انداز میں جواب دینے کے لیے جانے جاتے ہیں۔
’مجھے اس کے علاوہ کسی اور انداز میں بات کرنا آتا بھی نہیں ہے، جیسے ہی آپ اگلے سے بد زبانی شروع کر دیتے ہیں، تو وہیں آپ بحث ہار جاتے ہیں۔‘
ابھیشیک کا کہنا ہے کہ ’اگر آپ مجھ پر تنقید کریں گے، تو آپ پر تنقید کرنے کا میرا بھی پورا حق ہے۔‘
ابھیشیک خود پر کی جانے والی تنقید کو زیادہ سنجیدگی سے نہیں لیتے۔
’اگر کوئی مجھ سے متعلق اچھا لطیفہ بناتا ہے، اور اگر مزاحیہ ہو تو میں اسے سراہتا ہوں۔ ہمیں ایک دوسرے پر ہنسنا آنا چاہیے۔‘

شیئر: