Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں پہلا روزہ 14 اپریل کو، ’سائنسی فارمولے پر فواد چوہدری کے مشکور‘

حالیہ برسوں میں رمضان اور عید کے چاند پر اختلافات سامنے آئے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی نے کہا ہے کہ پاکستان میں پہلا روزہ 14 اپریل کو ہوگا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے ٹویٹ کیا کہ رمضان کا چاند 13 اپریل کو نظر آئے گا اور اسلام آباد، پشاور، لاہور اور کراچی میں چاند واضح طور پر دیکھا جا سکے گا۔
اس ٹویٹ کو وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ریٹویٹ کیا تاہم انہوں نے 14 اپریل کی بجائے 14 رمضان لکھ ڈالا جس پر کچھ صارفین نے نشاندہی بھی کی کہ 14 رمضان نہیں بلکہ 14 اپریل کو پہلا روزہ ہوگا۔
وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی نے تصحیح کر کے دوبارہ ٹویٹ کیا۔ 

فیض ملک نامی صارف نے غلطی کی نشاندہی کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’نیڈ کریکشن‘ یعنی تصحیح کی ضرورت ہے۔
انجینیئر شفیق میتلا نے لکھا کہ ’فواد چوہدری صاحب کے مشکور ہیں کہ انہوں نے سائنسی فارمولے کے تحت چاند دیکھنے کی صحیح تاریخ دی۔‘

پاکستان میں ہر سال رمضان اور عید الفطر کے چاند پر اختلاف سامنے آتا ہے جس کی وجہ سے پورے ملک میں ایک ساتھ رمضان اور عید نہیں ہو پاتی۔‘
2019 میں وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی نے اعلان کیا تھا کہ مستقبل میں رویت ہلال کے تعین کے لیے ایک پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔
رویت ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین مفتی منیب کے دور میں رمضان اور عید کے چاند پر تنازعات کا سلسلہ چلتا رہا۔
مفتی منیب کا پشاور کے مسجد قاسم خان کے امام مفتی شہاب الدین پوپلزئی اور پھر بعد وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے ساتھ بھی چاند پر ان کا اختلاف رہا۔
حکومت نے 30 دسمبر کو مفتی منیب کو ہٹا کر مولانا عبدالخبیر آزاد کو نیا چیئرمین مقرر کیا تھا۔

شیئر: