Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ حمزہ کا دستخطی تحریر کے ذریعے شاہ اردن کی حمایت کا اعلان

معاملہ سونپے جانے کے بعد شہزادہ حسن نے شہزادہ حمزہ سے رابطہ کیا ہے(فوٹو عرب نیوز)
 سابق ولی عہد شہزادہ حمزہ بن حسین نے اردن کے شاہ عبدللہ ثانی کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے ایک دستاویز پر دستخط کیے ہیں۔
یاد رہے کہ سابق ولی عہد شہزادہ حمزہ پر غیر ملکی عناصر کے ساتھ ملک کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
پیر کو اردن کی رائل کورٹ کی طرف سے جاری کردہ خط میں کہا گیا ہے کہ’ ملک کے مفادات کو ہر معاملے سے بالاتر رہنا چاہیے اور ہم سب کو اردن اور اس کے قومی مفادات کے تحفظ کی کوششوں میں شاہ عبداللہ ثانی کے پیچھے کھڑا ہونا چاہیے‘۔
شہزادہ حمزہ نے اس دستاویز پر شہزادہ حسن کے گھر پر دستخط کیے ہیں جنہیں شاہ عبداللہ ثانی نے معاملہ طے کرنے کے لیے مقرر کیا تھا۔
قبل ازیں اردن کی رائل کورٹ نے اعلان کیا تھا کہ’ اردن کے شاہ عبداللہ ثانی نے سابق ولی عہد شہزادہ حمزہ کے معاملے کو فیملی کے اندر ہی نمٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ شاہ عبداللہ ثانی نے اس معاملے کو اپنے چچا شہزادہ حسن بن طلال کو سونپ دیا ہے‘۔
یاد رہے کہ سابق ولی عہد شہزادہ حسن اردن کے شاہ عبداللہ ثانی اور سابق ولی عہد شہزادہ حمزہ کے چچا ہیں۔
رائل کورٹ نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا تھا کہ’ شہزادہ حمزہ کا معاملہ ہاشمی فیملی کے دائرہ کار میں طے کرنے کے فیصلے کی روشنی میں شاہ عبداللہ ثانی نے یہ معاملہ شہزادہ حسن کو سونپا ہے‘۔
 بیان کے مطابق’ شہزادہ حسن نے شہزادہ حمزہ سے رابطہ کیا ‘۔
’ شہزادہ حمزہ نے تصدیق کی تھی کہ وہ ہاشمی خاندان کے نظام اور شاہ عبداللہ ثانی کے مقرر کردہ طریقہ کار کی پابندی کریں گے‘۔ 

 

 

شیئر: