Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور خلیجی ممالک کا ملکہ برطانیہ سے اظہارِ تعزیت

امارات، بحرین اور عمان کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے ملکہ الزبتھ دوم کو تعزیتی پیغامات بھجوائے گئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات، بحرین اور عمان نے پرنس فلپ کے انتقال پر ان کی اہلیہ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کو تعزیتی پیغامات بھیجے ہیں۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوم اور شہزادہ چارلس سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان نے ملکہ برطانیہ کے نام تعزیتی پیغام میں کہا کہ انہیں شہزادہ فلپ کی موت کی اطلاع پر بڑا دکھ ہوا اور وہ ملکہ برطانیہ، شاہی خاندان اور برطانیہ کے دوست عوام سے اس سانحہ پر دلی رنج اور ہمدردی کا اظہار ضروری سمجھتے ہیں۔ دعا ہے  کہ آپ کوئی دکھ یا تکلیف نہ  دیکھیں۔ 
شاہ سلمان نے شہزادہ چارلس کے نام بھی تعزیتی پیغام بھیجا ہے۔
 سعودی ولی عہد نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی ملکہ برطانیہ کے نام تعزیتی پیغام ارسال کیا۔ انہوں نے ملکہ، شاہی خاندان اور برطانیہ کے دوست عوام سے صدمے کی اس خبر پر ہمدردی کا اظہار کیا جبکہ ملکہ کے لیے پائدار صحت و سلامتی کی آرزو ظاہر کی۔ 
شہزادہ محمد بن سلمان نے شہزادہ چارلس سے ان کے والد کے انتقال پر ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ انہیں شہزادہ فلپ کی موت پر بے حد دکھ اور رنج ہوا ہے۔ آپ سے اور شاہی خاندان سے گہرے رنج و ملال اور ہمدردی کے جذبات پیش کرنا چاہتے ہیں۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے شہزادہ چارلس کی پائدار صحت و عافیت کی بھی آرزو ظاہر کی ہے۔ 
پرنس فلپ جمعے کے روز 99 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ملکہ کا شریک ہونے کے ناطے انہیں برطانیہ کے شاہی خاندان میں سات دہائیوں تک کلیدی حیثیت حاصل رہی۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی جانب سے ملکہ برطانیہ کو بھجوائے گئے تعزیتی پیغام میں پرنس فلپ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔
دبئی کے حکمران، وزیراعظم اور نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم اور ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان ابوظبی کی جانب سے بھی ملکہ کو تعزیتی پیغامات بھجوائے گئے ہیں۔ 
بحرین کے بادشاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ نے بھی ملکہ الزبتھ، برطانوی حکومت اور عوام سے پرنس فلپ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
ان کی جانب سے جاری ہونے والے تعزیتی پیغام میں پرنس فلپ کی جانب سے برطانیہ اور وہاں کے عوام کے لیے کی جانے والی خدمات کو سراہا گیا ہے۔
اسی طرح عمان کی نیوز ایجنسی کی جانب سے بھی بتایا گیا ہے کہ عمان کے سلطان ہیثم بن طارق نے بھی برطانیہ کی ملکہ اور دوسلت مشترکہ کی صدر ملکہ الزبتھ سے ان کے شریک حیات کے انتقال پر رنج کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی پیغام بھیجا ہے۔

شیئر: