Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی اے کی ٹوئٹر کو اعلیٰ عدلیہ کے خلاف ہتک آمیز مواد ہٹانے کی ہدایت

ٹوئٹر انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر قانونی مواد کو ہٹانے کے لیے پی ٹی اے کی درخواستوں پر فوری کارروائی کرے۔ (فوٹو: روئٹرز)
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے مائیکرو بلاگنگ ایپ ٹوئٹر کو اعلیٰ عدلیہ کے خلاف ہتک آمیز مواد ہٹانے کی ہدایت کی ہے۔
پیر کو پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ٹوئٹر انتظامیہ سے اعلیٰ عدلیہ کے خلاف توہین آمیز ٹویٹس اور ٹرینڈز کو فوری طور پر بلاک یا ہٹانے کے لیے کہا ہے۔
بیان کے مطابق ٹوئٹر انتظامیہ کو خصوصی طور پر بتایا گیا ہے کہ ’اس طرح کے مواد یا ٹرینڈز کی موجودگی آزادی اظہار کی تعریف کے زمرے میں نہیں آتی۔ لہٰذا اسے فوری طور پر ہٹایا جانا چاہیے۔ توہین عدالت سے متعلق مواد اتھارٹی کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔‘
ٹوئٹر انتظامیہ کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ وہ قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے غیر قانونی اور نقصان دہ آن لائن مواد کو ہٹانے کے لیے پی ٹی اے کی درخواستوں پر موثر اور فوری کارروائی کرے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے اپنی پریس ریلیز میں مزید کہا کہ وہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو معاونت و سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، بشرطیکہ وہ ملکی قوانین پر عمل پیرا رہیں۔

شیئر: