Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک ٹکٹ میں کئی مزے، ایئرپورٹس جہاں تفریحی سہولیات بھی

چانگی ایئرپورٹ پر ٹکٹ لے کر مسافر سنگاپور کی اونچی پہاڑیوں کے طرز پر بنے ماڈل کی سیر کر سکتے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
گذشتہ چند سالوں کے دوران ہوائی اڈوں پر مسافروں کے رش کی وجہ سے انہیں کافی وسیع کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ مسافروں کے لیے بہترین سہولیات اور تفریحی ماحول بھی فراہم کیا گیا ہے تاکہ لوگ اپنی پروازوں کے انتظار کے ساتھ ساتھ ان سے بھی لطف اندوز ہو سکیں۔
سیدتی میگزین نے اپنی ایک رپورٹ میں ایسے ہی کچھ ہوائی اڈوں کا جائزہ لیا ہے جو مسافروں کو تفریحی خدمات بھی مہیا کرتے ہیں۔

سنگاپور کا چانگی ایئرپورٹ

سنگاپور کا چانگی ایئرپورٹ جنوبی ایشیا کا ایک اہم ترین ہوائی اڈہ ہے۔ یہ متعدد وجوہات کی بناء پر مشہور ہے۔
آپ یہاں ٹکٹ لے کر سنگاپور کی اونچی پہاڑیوں کے طرز پر بنے ماڈل کی سیر کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ یہاں سوئمنگ پول میں کچھ وقت گزارنے کے ساتھ ساتھ باغ میں تتلیوں کو دیکھ کر بھی لطف اٹھا سکتے ہیں۔

چانگی ایئرپورٹ کو لگا تار آٹھ بار دنیا کے بہترین ہوائی اڈے کا ایوارڈ مل چکا ہے۔ (فوٹو: چانگی ایئرپورٹ)

ایئرپورٹ ہال کے اندر آسائش کی تمام سہولیات موجود ہیں۔ مذکورہ وجوہات کی بنیاد پر گذشتہ سال سکائی ٹریک ایوارڈز کی تقریب میں چانگی ایئرپورٹ کو لگا تار آٹھویں سال دنیا کے بہترین ہوائی اڈے کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔

انچیون انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گولف کورس

انچیون ایئرپورٹ کوریا کی تاریخ ، فنون لطیفہ اور روایات کو زندہ رکھے ہوئے ہے۔
یہ گالف کورس سمیت تفریح کے بہت سے مواقع پیش کرتا ہے۔ ہوائی اڈے نے متعدد ایوارڈز جیتے ہیں، جن میں 2019 میں دنیا کے بہترین ’ٹرانزٹ‘ ہوائی اڈے کا ایوارڈ بھی شامل ہے۔

انچیون ایئرپورٹ پر مسافروں کے لیے گالف کورس کی سہولت ببھی موجود ہے۔ (فوٹو: کوریا ہیرالڈ)

ہوائی اڈے میں نماز کے لیے ایک کمرہ بھی مختص ہے۔ واضح رہے کہ جنوبی کوریا پہلا غیر مسلم ملک ہے جس نے اپنے مرکزی ہوائی اڈے پر مسلمانوں کے لئے نماز ہال بنا رکھا ہے۔

میونخ ایئرپورٹ پر ڈینٹل کلینک

جرمنی کے میونخ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بہت سارے مسافر ایسے آتے ہیں جو طویل وقت تک وہاں رکتے ہیں۔ اسی تناظر میں انہیں کئی سہولیات دی گئی ہیں تاکہ وہ آرام سے وقت گزار سکیں۔

میونخ ایئرپورٹ پر مسافروں کے لیے بہت ساری سہولیات موجود ہیں۔ (فوٹو: سکائی ٹریکس)

خاص طور پر کلینک میں دانتوں کا معائنہ ہو سکتا ہے یا ہوٹل میں آرام کریں، جو ٹرمینلز کے سامنے واقع ہے۔

ہانک کانگ ایئرپورٹ پر آئی میکس سینما

ہانگ کانگ ایئرپورٹ میں ایک آئی میکس سنیما ہے جس میں ایک دیوقامت سکرین ہے۔ یہ 13.8 میٹر لمبی اور 22.4 میٹر چوڑی ہے۔

ہانگ کانگ کی سب سے بڑی سینما سکرین ایئرپورٹ پر نصب ہے۔ (فوٹو: ٹریولر)

یہ ہانگ کانگ کے سینما کی سب سے بڑی سکرین ہے۔ یہاں پرواز کے وقت تک گولف کھیلنا بھی ممکن ہے۔

ایمسٹرڈیم ایئرپورٹ پر مساج سیشنز

کچھ مسافر دباؤ کا شکار ہو جاتے ہیں، لہذا ہالینڈ کے ایمسٹرڈیم ایئرپورٹ پر ایک ایسا سنٹر بنایا گیا ہے جو مساج کی خدمات پیش کرتا ہے۔


تناؤ کا شکار مسافروں کے لیے ایمسٹرڈیم ایئرپورٹ پر مساج کی سہولت موجود ہے۔ (فوٹو: ڈریمز ٹائم)

اس میں ہائیڈرو مساج بھی شامل ہے، جو ذہنی اور جسمانی سکون کا باعث بنتا ہے۔

شیئر: