Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جازان پر حوثی حملے، مسلم دنیا کا شدید ردعمل

حوثیوں نے جازان پر 4 ڈرونز اور 5 میزائلوں سے حملے کیے تھے- (فوٹو العربیہ)
جازان میں سول تنصیبات اور شہریوں پر ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کے دہشتگردانہ حملوں کی  صدائے  بازگشت مسلم دنیا میں دور دور تک سنائی دی-
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے، الشرق الاوسط اور الاخباریہ کے مطابق  حوثیوں نے جازان پر 4 بارود بردار ڈرونز اور 5 میزائلوں سے حملے کیے- مسلم و عرب ممالک نے بڑے پیمانے پر اس کی مذمت کی- انہوں نے ملک میں امن و استحکام، شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی سلامتی کے لیے کیے جانے والے سعودی اقدامات کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا-
اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی نے  حوثیوں کے  دہشتگردانہ حملوں کی مذمت کی- او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے بیان جاری کرکے کہا کہ حوثیوں کے نئے دہشتگردانہ حملے اور دولت اوراسلحہ سے ان کی مدد کرنے والے عناصر سنگین صورتحال پیدا کررہے ہیں- یہ سرگرمیاں جنگی جرائم کے زمرے میں آتی ہیں-
بحرین نے  حوثیوں کے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بحرین سعودی عرب کے ساتھ  کھڑا ہے- سعودی عرب اپنی سرحدوں کی سلامتی اور ملک میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے  والوں کے خلاف جو بھی عبرتناک اقدام کرے گا بحرین اس کے ساتھ ہوگا-
متحدہ عرب امارات نے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے  کہا کہ حوثیوں کی جانب سے مسلسل دہشتگردانہ حملے ظاہر کررہے ہیں کہ  وہ بین الاقوامی برادری کو کھلا چیلنج دے رہے ہیں اور تمام بین الاقوامی قوانین اور روایات کا مذاق اڑا رہے ہیں-
متحدہ عرب امارات نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ سعودی عرب کے امن و امان اور اس کی اہم سول تنصیبات پر بار بار کیے جانے والے حملے بند کرانے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کرے- انرجی سپلائی اور بین الاقوامی معیشت کے استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے- حوثیوں کے نئے حملوں نے ثابت کردیا ہے کہ وہ خطے میں امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں-
عرب پارلیمنٹ نے سعودی عرب پر بارود بردار ڈرونز اور بیلسٹک میزائلوں سے حوثیوں کے مسلسل دہشتگردانہ حملوں کی مذمت کی-
عرب پارلیمنٹ نے کہا کہ عرب اتحاد برائے یمن کی افواج کمال مستعدی سے حوثیوں کے حملوں کو ناکام بنا رہی ہے جس سے اس کی پیشہ ورانہ لیاقت کا پتہ چلتا ہے-
مصر نے بھی حوثیوں کے دہشتگردانہ حملوں پر شدید ردعمل ظاہر کیا- سعودی عرب کو بھرپور تعاون کا یقین دلایا-
اردن نے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے بیان جاری کیا- اردنی دفتر خارجہ کے ترجمان ضعیف اللہ الفایز نے کہا کہ اردن سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے- سعودی عرب کے امن کو پیش آنے والا ہر خطرہ پورے خطے کے  امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے-

 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: