Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طلب میں اضافہ: خام تیل کی قیمت 67 ڈالر فی بیرل سے بڑھ گئی

اوپیک ممالک نے تیل کی پیداوار میں معمولی اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ فوٹو اے ایف پی
کورونا وائرس کی عالمی وبا کے بعد معاشی بحالی اور طلب میں اضافے کے باعث خام تیل کی قیمت 67 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق چین کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق پہلی سہ ماہی میں مجموعی ملکی پیداوار یعنی جی ڈی پی 18.3 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جبکہ امریکہ میں بھی خریداری میں اضافہ اور بے روزگاری کی شرح میں کمی آرہی  ہے۔
آئل بروکرز پی وی ایم گروپ میں تجزیہ کار سٹیفن برینک کے مطابق دنیا کی دو بڑی معیشتوں چین اور امریکہ کی بحالی کے بعد تیل کی قیمتوں میں کمی کا امکان زیادہ نہیں ہے۔
برینٹ کروڈ آئل کی قیمت  26 سینٹ کے اضافے کے بعد 67.20 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔
امریکہ کی روس پر حالیہ معاشی پابندیوں کے باعث بھی تیل کی قیمت میں اضافہ ممکن ہے۔ روس کا شمار سب سے زیادہ تیل پیدا کرنے والے ممالک میں ہوتا ہے۔
کامرز بینک کے عہدیدار یوجین وینبرج کے مطابق روس پر لگائی گئی معاشی پابندیاں تیل کے شعبے کو تو براہ راست متاثر نہیں کریں گی، تاہم مالی اخراجات میں اضافہ اور روس کے ساتھ تجارت میں غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
تیل کی طلب میں اضافے سے ایک طرف امید پیدا ہوئی ہے، تو دوسری جانب دیگر بڑی معیشتوں میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث تشویش بھی پائی جاتی ہے۔
انڈیا میں کورونا متاثرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ جرمنی میں بھی کورونا کی تیسری لہر نے ملک کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔
عالمی وبا کے بعد تیل کی طلب میں ایک مرتبہ پھر اضافے کے باعث تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک نے تیل کی پیداوار میں معمولی اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔

شیئر: