Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اولاد کی تعداد 288: امریکہ کی معمر ترین شہری کا انتقال

ہیسٹر فورڈ روزانہ ناشتے میں آدھا کیلا کھاتی تھیں (فوٹو: ڈبلیو بی ٹی وی)
ہیسٹر فورڈ پہلی جنگ عظیم سے کافی پہلےاس سال پیدا ہوئی جب آئس کریم کون ایجاد ہوئی اور پانامہ نہر پر کام کا آغاز ہو رہا تھا۔
ہیسٹر فورڈ کے خاندان نے اعلان کیا ہے کہ ان کا 116 برس کی عمر میں انتقال ہو گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ان کی موت کی اطلاع ان کی پوتی تنیشا مائرز نے فیس بک پر دیتے ہوئے لکھا کہ ہیسٹر فورڈ کی وفات خاندان والوں کی موجودگی میں ہوئی۔
اس معمر خاتون کے فیملی ممبرز کی تعداد 288 ہے، 12 بچے ہیں، 48 پوتے پوتیاں ہیں جن کے 108 بچے ہیں اور پھر ان کے 120 بچے ہیں۔

 

ان کی پوتی نے لکھا کہ ’اگرچہ ان کی وفات ہو گئی ہے لیکن ان کا طرز عمل اور یادیں ہمیشہ فیملی کے ساتھ رہیں گی۔‘
ہیسٹر کی اصل عمر کا تعین نہیں کیا جا سکا لیکن امریکہ میں جیرنٹالوجی ریسرچ سنٹر گروپ نے انہیں معمر ترین امریکی شہری قرار دیا تھا۔
ڈبلیو بی ٹی وی کے مطابق ہیسٹر فورڈ کی پرورش جنوبی کیرولینا میں کپاس کی رُوئی چنتے ہوئی اور کھیتی باڑی کرتے ہوئی۔ اور پھر انہوں نے کئی برس تک آیا کے طور پر کام کیا۔
ان کے خاوند کا 45 برس کی عمر میں انتقال ہوگیا اور اس کے بعد انہوں نے دوبارہ شادی نہیں کی۔
جی آر جی کے مطابق2019 میں 114 سالہ علیلیا مرفی کی وفات کے بعد وہ سب سے معمر شہری تھیں۔
وہ روزانہ ناشتے میں آدھا کیلا کھاتی تھیں۔ جب ان سے لمبی عمر کا راز پوچھا جاتا تو وہ کہتیں کہ ’میں بس اتنا جانتی ہوں کہ میں صیح طریقے سے زندگی گزارتی ہوں۔‘
ہیسٹر آخری برسوں میں ڈیمینشیا کا شکار ہوگئی تھیں لیکن اپنی 112 ویں سالگرہ پر انہوں نے بائبل کی آیت پڑھی۔
گذشتہ برس میکلنبرگ کاؤنٹی کے کمشنرز نے یکم ستمبر کو مدر ہیسٹر ڈے کے نام سے منانے کا اعلان کیا تھا۔
جی آر جی کے مطابق ان کی وفات کے بعد امریکہ میں سب سے معمر خاتون تھیلما سٹکلیفے ہیں جن کی عمر 114 برس ہے۔
دنیا کی سب سے معمر جاپانی خاتون کینے تناکا ہیں جن کی عمر 118 برس ہے۔
 
 

شیئر: