Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایوان شاہی سے یمنی’ سیامی ‘ بچوں کے آپریشن کی منظوری

طبی ٹیم بچوں کے کیس کا تفصیلی معائنہ کرنے کے بعد رپورٹ جاری کرے گی(فوٹو، ٹوئٹر)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے یمن کے سیامی بچے ’یوسف اور یاسین‘ کو آپریشن کرکے جدا کرنے کے احکامات صادر کردیئے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی  اے‘ کے مطابق یمن کے شہری محمد عبدالرحمان کے یہاں سیامی بچوں کی ولادت ہوئی جو سر سے جڑے ہوئے ہیں۔
سیامی بچوں کے والد نے سعودی سفارتخانے کے ذریعے اپنے بچوں کی طبی حالت سے آگاہ کرتے ہوئے مدد کی درخواست کی جو ایوان شاہی پہنچی جہاں سے بچوں کے آپریشن کی منظوری جاری کردی گئی۔
ایوان شاہی کے مشیر اور شاہ سلمان امدادی مرکز کے شعبہ طب و جراحت کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالعزیز الربیعہ نے اس حوالے بتایا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے سیامی بچوں کے آپریشن کی منظوری دیتے ہوئے انہیں والدین سمیت جلد مملکت لانے اور بہترین علاج معالجہ کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ڈاکٹر الربیعہ نے توقع ظاہر کی کہ سیامی بچوں اور انکے والدین کو مملکت لانے کے لیے تیاریاں جاری ہیں توقع ہے کہ جلد ہی وہ مملکت پہنچ جائیں گے جس کے بعد ان بچوں کو جدا کرنے کے آپریشن کا جائزہ لینے کے لیے متعلقہ کمیٹی تفصیلی طبی معائنہ کرنے کے بعد اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
واضح رہے اس سے قبل بھی شاہ سلمان امدادی مرکز کے تحت مختلف ممالک کے سیامی بچوں کا مملکت میں کامیاب آپریشن کیا جاچکا ہے جس کے تمام تراخراجات شاہ سلمان امدادی سینٹر کے ذمہ ہوتے ہیں

شیئر: