Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قرض کی واپسی: ’متحدہ عرب امارات کی ڈیڈ لائن میں توسیع‘

شاہ محمود قریشی نے اس اقدام پر اپنے میزبان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی کی علامت قرار دیا (فوٹو: وام)
پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے امداد کی مد میں دیے گئے دو ارب ڈالر کے قرض کی واپسی کی مدت میں توسیع کر دی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے دورہ متحدہ عرب امارات کے موقع پر ان کے ہم منصب شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے ابوظبی میں ایک ملاقات میں انہیں اس فیصلے سے آگاہ کیا۔
شاہ محمود قریشی نے اس اقدام پر اپنے میزبان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی کی علامت قرار دیا۔
2018 کے انتخابات میں وزیراعظم عمران خان کی کامیابی کے بعد پاکستان نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے مالی معاونت طلب کی تھی۔
متحدہ عرب امارات نے رقم کی ادائیگی کے لیے پہلے 19 اپریل 2021 کی ڈیڈ لائن دے رکھی تھی تاہم پاکستان کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس مدت میں توسیع کر دی گئی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ تعاون اور کورونا وبا کے دوران اپنے ملازمین کا خاص خیال رکھنے پر یو اے ای کے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

شیئر: