Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ محمود قریشی کی اماراتی وزیر سے ملاقات

شاہ محمود قریشی نے امارات کے سینیئر وزیر کا کورونا وبا کے دورا ن پاکستانیوں کا خیال رکھنے پر شکریہ ادا کیا (فوٹو: پاکستان سفارت خانہ ابو ظبی)
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی ابوظبی میں متحدہ عرب امارات کے سینیئر وزیر اور بین الاقوامی ایکسپو 2020 کے کمشنر جنرل، شیخ نہیان بن مبارک النہیان، کے ساتھ پیر کو ملاقات ہوئی۔  
دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
متحدہ عرب امارات کے سینیئر وزیر شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور انہیں یو اے ای آمد پر خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ’پاکستان، متحدہ عرب امارات کے ساتھ، کئی دہائیوں پر محیط، برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور انہیں مزید مستحکم بنانے کے لیے  پرعزم ہے۔‘
وزیر خارجہ نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے شیخ نہیان بن مبارک النہیان کی خصوصی کاوشوں کو سراہا۔
وزیر خارجہ نے کورونا وبا کے دوران متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے وہاں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا خصوصی خیال رکھنے پر شیخ نہیان بن مبارک النہیان اور اماراتی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
وزیرخارجہ نے اماراتی وزیر کو اپنے گذشتہ روز کیے گئے دورہ ایکسپو 2020 کی بابت آگاہ کرتے ہوئے بہترین انتظامات پر مبارک باد دی۔
انہوں نے کہا کہ ’ایکسپو 2020 میں قابلِ رشک پاکستانی پویلین کا قیام پاکستان اور امارات کے بڑھتے ہوئے برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔‘

سینیئر اماراتی وزیر نے اپنے ملک کی تعمیر و ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کی تعریف کی (فوٹو: پاکستانی سفارت خانہ ابو ظبی)

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’اکتوبر میں منعقد ہونے والی اس بین الاقوامی نمائش میں پاکستان شرکت کرے گا۔‘
سینیئر اماراتی وزیر نے متحد عرب امارات کی تعمیر و ترقی میں وہاں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کی تعریف کی۔
اماراتی وزیر شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بڑھتے ہوئے دو طرفہ برادرانہ تعلقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے، باہمی دلچسپی کے مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے اپنی بھرپور معاونت کا عندیہ دیا۔

شیئر: