Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ ریجن سمیت کئی علاقے بدھ کو بارش کا امکان

محکمہ شہری دفاع نے بھی بارش کے حوالے سے انتباہ جاری کیا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی موسمیات کے قومی مرکز نے بدھ 21 اپریل کو مملکت بھر میں موسمی تبدیلیوں کے حوالے سے پیشگوئی جاری کی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے شمالی اور جنوب مغربی علاقوں کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود ر ہنے اور وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
 پہاڑی علاقوں میں گرد آلود تیز ہوائیں چلیں گی۔ جازان، عسیر، باحہ کے علاوہ مکہ مکرمہ ریجن کے بالائی علاقے گرج چمک کے ساتھ بارش کی لپیٹ میں ہوں گے۔
محکمہ موسمیات نے بیان میں کہا کہ بدھ کو مملکت میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 42 سینٹی گریڈ حفر الباطن میں ہوگا اور سب سے کم درجہ حرارت 13 سینٹی گریڈ ابہا میں رہے گا۔
علاوۃ ازیں سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے  کے مطابق جازان ریجن کے بالائی علاقوں میں منگل کو کہیں موسلا دھار اور کہیں درمیانے درجے کی بارش اور متعدد کمشنریوں میں ژالہ باری  ہوئی ہے۔ 
جازان محکمہ شہری دفاع نے  مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے اپیل کی کہ بارش کے دوران انتہائی ضرورت کے تحت ہی باہر نکلیں۔ تالابوں کے قریب نہ جائیں۔ وادیوں سے گزرنے کا خطرہ مول نہ لیں۔ سیلاب کے دھارے کو عبور کرنے کی کوشش نہ کریں۔ 
 باحہ ریجن میں گرج چمک کے ساتھ  بارش ہوئی ہے۔ اس سے قبل گرد آلود ہواؤں سے حد نظر محدود ہوگئی تھی۔ 
 

 

شیئر: