Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کالعدم تحریک لبیک کی پابندی کے خلاف وزارتِ داخلہ میں درخواست

تحریک لبیک پاکستان کو انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت کالعدم قرار دیا گیا تھا۔ (فوٹو: اےا یف پی)
کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان نے اپنے وکیل کے ذریعے وزارت داخلہ میں پابندی کے خلاف درخواست جمع کروا دی ہے۔
جمعرات کو اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے وزارت داخلہ کے ایک ترجمان نے تصدیق کی کہ کالعدم جماعت نے اپنے وکیل کے ذریعے پابندی کے خلاف اپیل وزارت داخلہ میں جمع کروائی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ’تحریک لبیک ایک سیاسی جماعت ہے اور اسے آئین اور قانون کے مطابق ملک میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دی جائے۔‘       
خیال رہے کہ 15 اپریل کو وزارت داخلہ کی جانب سے تحریک لبیک پاکستان کو انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے سیکشن 11 بی کے تحت کالعدم تنظیم قرار دیا گیا تھا۔
وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے تحریک لبیک پاکستان کو بطور سیاسی جماعت تحلیل کرنے کے لیے پولیٹکل پارٹیز ایکٹ کے تحت ریفرنس سپریم کورٹ بھیجنے کا بھی اعلان کیا تھا۔
تاہم گذشتہ ہفتے شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ ’ہم نے تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دیا ہے، کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے پاس فیصلے کے خلاف 30 روز کے اندر اپیل کا حق موجود ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت تحریک لبیک 30 دن کے اندر وزارت داخلہ کو جواب دے گی جس کے بعد وزارت داخلہ کی نظرثانی کمیٹی کالعدم قرار دینے اور پابندی لگانے کے حوالے سے فیصلہ کرے گی۔‘

شیئر: