Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یہ بندہ دن میں سینچریاں، دوپہر کو ایکٹنگ اور شام کو ماڈلنگ کرتا ہے‘

میچ کے دوسرے دن فواد عالم نے ناقابل شکست 108 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ہرارے ٹیسٹ کے دوسرے دن کا کھیل تو پاکستانی بیٹسمنوں کے نام رہا تاہم اس کارکردگی کا چرچا سوشل میڈیا پر بھی ہو رہا ہے۔
نہ صرف پاکستان کی جانب سے سینچری سکور کرنے والے فواد عالم کی کارکردگی کا ذکر ہو رہا ہے بلکہ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں بہترین بلے باز کا اعزاز حاصل کرنے والا بابر اعظم بھی موضوع گفتگو ہے۔
تاہم بابر اعظم کا ذکر سینچری، نصف سینچری  یا اچھی بیٹنگ کے لیے نہیں بلکہ ’گولڈن ڈک‘ حاصل کرنے پر ہو رہا ہے۔
 
فواد عالم کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے صارف ڈینیل الیگزینڈر لکھتے ہیں’پاکستانی سیلیکٹرز گزشتہ 10 برس سے فواد عالم کو نظر انداز کر رہے تھے۔ یہ کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی پر اسرار بات ہے۔
کرکٹ اعداد و شمار کے پر نظر رکھنے والے مظہر ارشد نے لکھا ’پچھلے 55 سالوں میں فواد عالم پہلے بلے باز ہیں جہنوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں پہلی چار ففٹیز کو سینچریوں میں تبدیل کیا۔ ان سے قبل ایسا 1966 میں جون ایڈرک نے کیا تھا۔‘

ڈینس کرکٹ نامی صارف نے لکھا ’فواد عالم نے پیریاڈک ٹیبل کو تباہ کر دیا کیونکہ ’سرپرائز‘ نامی عنصر کو صرف فواد عالم جانتے ہیں۔

فواد عالم کی ایک طویل عرصے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی پر تبصرہ کرتے ہوئے سپورٹس رپورٹر عبدالغفار لکھتے ہیں ’فواد عالم 11 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپس آئے ہیں، سات ٹیسٹ، 423 رنز، تین سنچریز اور اوسط 40، فواد عالم کے لیے جھک جائیں۔‘

جہاں صارفین فواد کی کارکردگی کو زیر بحث لائے وہیں کچھ صارفین ان کی زندگی کے دیگر پہلوں پر روشنی ڈالتے دکھائی دیے۔ ایک ٹوئٹر صارف شاہ جی لکھتے ہیں ’یہ بندہ دن میں سینچریاں بناتا ہے، دوپہر میں ٹیلی ویژن پر ایکٹنگ اور شام میں ماڈلنگ کرتا ہے۔  ہمہ گیر صلاحیتوں کے مالک فواد عالم۔‘
 

شیئر: