Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’طوفان‘ کی ریلیز ملتوی، ’فی الحال تمام توجہ وبا پر‘

فرحان اختر کی آخری فلم ’دا سکائی از پنک‘ سنہ 2019 میں ریلیز ہوئی تھی۔ فوٹو انڈین ٹائمز
انڈین فلم انڈسٹری بالی وڈ کے اداکار و ہدایتکار فرحان اختر نے ملک میں حالیہ کورونا بحران کے باعث اپنی فلم طوفان کی ریلیز ملتوی کر دی ہے۔
فرحان اختر کی یہ فلم 21 مئی کو آن لائن پلیٹ فارم ایمازون پرائم پر ریلیز ہونا تھی۔
فرحان اختر نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ’انڈیا میں کورونا کے باعث پیدا ہونے والی صورتحاک انتہائی دردناک ہے، ایکسل انٹرٹینمنٹ اور آر او ایم پی پکچرز کی جانب سے تمام متاثرین کے لیے دعاؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’صورتحال شدید ہونے کے باعث تمام تر توجہ عالمی وبا، اپنے ملازمین اور ان کے خاندانوں کے علاوہ کمیونٹی کی مدد کرنے پر مرکوز ہے، اس لیے فلم طوفان کی ریلیز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
بیان میں فرحان اختر نے فلم کی نئی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالات بہتر ہونے تک فلم کی ریلیز ملتوی کر دی گئی ہے، نئی تاریخ کے حوالے سے مناسب وقت پر آگاہ کر دیا جائے گا۔
فرحان اختر کی فلم ایک سپورٹس کہانی پر مبنی ہے جس کے ہدایتکار راکیش اوم پراکاش ہیں۔
فرحان اختر نے انسٹاگرام پوسٹ پر اپنے تمام فینز کو کورونا کی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کا کہا اور ویکسین لگوانے کی بھی گزارش کی۔
’طوفان کی تمام ٹیم کی طرف سے سب سے گزارش کرتے ہیں کہ  گھروں میں رہیں، خود کو محفوظ رکھیں اور متحد ہو کر رہیں۔‘
طوفان فلم میں فرحان اختر نے ایک قومی باکسنگ کھلاڑی کا کردار ادا کیا ہے۔ فلم گزشتہ سال اکتوبر میں ریلیز ہونا تھی لیکن کورونا کے باعث تاخیر کا شکار ہو گئی تھی۔
فرحان اختر کی آخری فلم ’دا سکائی از پنک‘ سنہ 2019 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں وہ اداکارہ پرینکا چوپڑا کے ہمراہ نظر آئے تھے۔

شیئر: