Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا وائرس: پی ایس ایل کے بقیہ میچز ’کراچی سے یو اے ای منتقل کرنے پر غور‘ 

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شامل فرنچائز مالکان نے چھٹے سیزن کے بقیہ میچز کراچی سے متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کو خط لکھا ہے جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے چھٹے سیزن کے بقیہ میچز کے حوالے سے متبادل پلان پر غور شروع کر دیا ہے۔ 
پاکستان سپر لیگ میں شامل ایک ٹیم کے مینیجر نے ایونٹ کراچی سے متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کے لیے خط لکھنے کی تصدیق کی ہے۔
’خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر ایونٹ کے جون میں ہونے والے بقیہ میچز متحدہ عرب امارات میں کروانے کی تجویز دی گئی ہے۔‘

 

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان سمیع الحسن برنی نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے خط کی تصدیق تو نہیں کی تاہم انہوں نے کہا کہ ’پی ایس یل کے چھٹے ایڈیشن کے کراچی میں بقیہ میچز این سی او سی کی اجازت سے مشروط ہیں۔‘
’اگر این سی او سی کراچی میں میچز کروانے کی اجازت دیتا ہے تو ایونٹ شیڈول کے مطابق کراچی میں ہوگا بصورت دیگر ہمارے پاس دبئی میں ایونٹ کروانے کا آپشن موجود ہے۔‘ 
سمیع الحسن برنی نے کہا کہ ’ایونٹ کے بقیہ میچز کراچی میں شیڈول کروانے کا فیصلہ تمام فرنچائز مالکان کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا گیا تھا تاہم اگر کورونا کیسز میں اضافے کی صورت میں این سی او سی بقیہ میچز کروانے کی اجازت منسوخ کرتا ہے تو ایونٹ کو متبادل مقام پر کروانے کا آپشن موجود ہے۔ ‘
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے چھٹے سیزن کے دوران بائیو سکیور ببل ٹوٹنے اور کھلاڑیوں میں کورونا وائرس تشخیص ہونے کے بعد 4 مارچ کو ایونٹ منسوخ کر دیا گیا تھا۔ 
ایونٹ کے بقیہ 20 میچز دو جون سے کراچی میں شیڈول کیے گئے ہیں جہاں تمام کھلاڑیوں کو ایونٹ کے آغاز سے قبل 7 روز کا قرنطینہ کرنا ہوگا۔ ایونٹ کافائنل 20 جون کو نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جانا ہے۔ 
خیال رہے کہ دنیا کی سب سے بڑی کرکٹ لیگ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) بھی کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد ملتوی کر دی گئی ہے۔
آئی پی ایل انڈیا میں بغیر تماشائیوں کے کھیلی جارہی تھی جبکہ انڈین کرکٹ بورڈ نے گذشتہ سیزن متحدہ عرب امارات میں کروایا تھا۔ 

شیئر: