Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہری اور مہم جو عید تعطیلات العلا میں گزریں: العلا اتھارٹی

العلا میں الحجر قدیم صحرائی شہر ہے- (فوٹو سبق)
العلا  اتھارٹی نے سعودی اور غیرملکی خاندانوں اور مہم جوؤں سے اپیل کی ہے کہ وہ عید الفطر اور موسم گرما کی تعطیلات کا لطف اٹھانے کے لیے قدیم العلا شہر کی سیر کریں- یہاں کے قدرتی مناظر، پرسکون ماحول اور تاریخی مقامات میں اپنی چھٹیاں گزاریں- اس موقع پر سمر شو بھی ہوں گے جبکہ کھانے پینے کی سہولیات بھی مہیا ہوں گی اور رات کے وقت کھلی ہوا میں مہم جوئی کے بے شمار پروگرام ہوں گے-
سبق ویب سائٹ کے مطابق العلا اتھارٹی نے توجہ دلائی ہے کہ سعودی اور غیرملکی خاندان العلا میں الحجر کی سیر کرسکتے ہیں- یہ قدیم صحرائی شہر ہے- اسے ریتیلے پہاڑوں کو تراش کر ہزاروں قبروں کا شہر خموشاں کہا جاتا ہے-
الحجر یونیسکو کے ریکارڈ پر آنے والا سعودی عرب کا پہلا تاریخی عالمی مقام ہے- یہاں چوبیس گھنٹے کے  دوران ہر روز چار بار تاریخی مقامات کی سیر کرائی جاتی ہے- کوشش ہوتی ہے کہ یہاں آنے والے سیاح دن کے وقت سورج کی تپش سے محفوظ رہیں-
العلا اتھارٹی کا کہنا ہے کہ  یہاں قابل دید مقامات میں سلطنت دادان اور جبل عکمہ ہے- جہاں دادان اور لحیان سلطنتوں کی سنگی عمارتوں کے کھنڈر دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ جبل عکمہ میں قدیم زمانوں میں چٹانوں کے نقوش کھلی لائبریری کا درجہ رکھتے ہیں- اس کی سیر روزانہ صبح نو بجے  یا شام 4 بجے کی جاسکتی ہے-
اتھارٹی نے توجہ دلائی کہ العلا قدیم شہر کی سیر کے لیے ٹورسٹ گائیڈ ہوتے ہیں- جو سیاحوں کو بارہویں صدی عیسوی سے لے کر بیسویں صدی تک کے تاریخی حقائق  سے آگاہ کرتے ہیں-اس کی سیر کا پروگرام روزانہ صبح نو، 10 اور پھر سہ پہر چار اور شام پانچ بجے  ہوتا ہے-
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ روزانہ صبح 8 بجے سے لے کر سہ پہر چار بجے تک ٹورسٹ گائیڈ کے بغیر نخلستان ٹریک کا لطف مفت اٹھایا جاسکتا ہے- یہ ٹریک دادان کے جنوب میں تین کلو میٹر کے فاصلے سے شروع ہوتا ہے اور سبز وادی کے نخلستان میں قدیم شہر پر جاکر ختم ہوت ہے- تین کلو میٹر کا  راستہ ہے جو پیدل طے کیا جاتا ہے-
العلا میں موٹر سائیکل کی سواری کا لطف اٹھایا جاسکتا ہے- قدیم شہر میں روایتی کھانوں کے  ریستوران ہیں جبکہ شہر کی روشنیوں سے دور صحرا کا تاریک ماحول الگ لطف دیتا ہے- رات کے وقت مہم جوئی کے پروگرام بھی ہیں- وادی میں ہائیکنگ ٹور کا الگ لطف ہے- جبل الفیل کا تجربہ شام چھ بجے سے رات اک بجے تک عید الفطر کی تعطیلات کے دوران کیا جاسکتا ہے- پندرہ مئی تک اس کا سلسلہ رہے گا-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: