Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں 12 سے 15 سال کے بچوں کو فائزر ویکسین لگانے کی منظوری

اس سے قبل 16 اور سے زائد عمر کے افراد کے لیے فائزر ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دی تھی (فوٹو: روئٹرز)
امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے فائزر بائیو این ٹیک کووڈ 19 ویکسین کی 12 سے 15 سال کے کم عمر بچوں کے لیے استعمال کی اجازت دے دی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ ’وائرس کے خلاف ہماری جنگ میں یہ ایک امید افزا پیشرفت ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اگر آپ ایسے والدین ہیں جو اپنے بچوں کو محفوظ رکھنا چاہتے ہیں، یا آپ ایک ٹین ایجر ہیں جو ویکسینیشن کرانا چاہتے ہیں، آج کا فیصلہ اس مقصد کو پانے کی طرف ایک قدم ہے۔‘
فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے اس سے قبل 16 اور سے زائد عمر کے افراد کے لیے فائزر بائیو این ٹیک کے ہنگامی استعمال کی اجازت دی تھی۔
فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے بائیولوجکس ایویلیو ایشن اینڈ ریسرچ سینٹر کے ڈائریکٹر پیٹر مارکس کا کہنا ہے کہ ’کم عمر بچوں کے لیے ویکسین کی اجازت کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے عوام کی صحت کے حوالے سے شدید دباؤ کو کم کرنے کی کوششوں کی طرف ایک انتہائی اہم قدم ہے۔‘
ایف ڈی اے کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پندرہ لاکھ کیسز امریکہ کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن میں یکم مارچ 2020 سے 30 اپریل 2021 تک  11 سے 17سال کی عمر کے بچوں میں رپورٹ ہوئے۔
فائزر اور اس کے پارٹنر بائیو این ٹیک نے مارچ میں کہا تھا کہ ان کی دو خوراکیں 12 سے 15 سال کے دو ہزار 260  بچوں پر ٹرائل میں محفوظ اور انتہائی موثر ثابت ہوئی ہیں۔
صدر جو بائیڈن نے گذشتہ ہفتے ویکسینیشن کا دائرہ کار 12 سے 15 سال کی عمر کے بچوں تک بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ حکام اس پر ’فوری عمل کے تیار‘ ہے۔

شیئر: