Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عید کی چھٹیاں ختم ہوئیں ’یہ آفس دیکھا دیکھا سا لگتا ہے‘

این سی او سی کی جانب سے عید الفطر پر سات سرکاری چھٹیوں کا اعلان کیا گیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
چھٹیوں کے بعد دوبارہ نظام زندگی کو دوبارہ معمول پر لانا کبھی کبھی بہت مشکل لگتا ہے خاص طور پر تب جب چھٹیاں زیادہ دنوں کی ہوں۔
اس مرتبہ پاکستان میں عید الفطر کی لمبی چھٹیوں پر جہاں لوگوں نے خوب آرام کیا وہیں بیشتر کو ان چھٹیوں کے بعد دوبارہ کام پر جانا خاصا مشکل لگ رہا ہے۔
یاد رہے کہ این سی او سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ زیادہ چھٹیوں کا مقصد کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کروانا اور عید کے دوران ملکی سطح پر نقل و حمل کو محدود کرنا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے عیدالفطر پر سات سرکاری چھٹیوں کا اعلان کیا گیا تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اکثر صارفین اس حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے نظر آرہے ہیں۔ کسی کو سب جانا پہچانا لگا تو کسی نے اپنا پاس ورڈ ہی غلط لگا دیا۔
اعظم جمیل نے عیدالفطر کی لمبی چھٹیوں کے بعد کام پر واپس آنے کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’اتنی لمبی بریک کے بعد دوبارہ کام کرنا عجیب سے لگ رہا ہے۔‘
 یہ کیا جگہ ہے دوستو
 یہ کونسا دیار ہے  

عتیقہ مرزا نے لکھا کہ ’میرے آج یہی جذبات ہیں کہ یہ جگہ کہیں دیکھی دیکھی سی لگتی ہے۔‘

جہاں بہت سے صارفین نے اپنی خوش گوار اور لمبی چھٹیوں کے تجربات شیئر کیے وہیں کئی ایسے بھی تھے جنہیں عید کے دنوں میں بھی کام کرنا پڑا۔
 ٹوئٹر صارف علی چندریگر نے اپنی بیٹی کے بارے میں بات کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ سب خوش قسمت ہیں جو اتنی لمبی چھٹیاں انجوائے کر سکتے ہیں۔ میری بیٹی عائشہ جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرتی ہے اس لیے وہ ایک دن بھی چھٹی نہیں لے سکتی۔‘

 
ٹوئٹر ہینڈل اے ایف عائش نے لکھا کہ ’یہ تو وہی جگہ ہے گزرتے تھے ہم روز جہاں سے‘

کئی صارفین عید کی چھٹیاں ختم ہونے ہر افسردگی کا اظہار کرتے بھی نظر آئے۔ ٹوئٹر صارف تحسین نے بالی وڈ کی مشہور فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کے مزاحیہ کردار کا ڈائیلاگ لکھ کر اپنے جذبات کا اظہار کیا ’تسی جارہے ہو تسی نہ جاؤ۔‘

ٹوئٹر ہینڈل بیٹ مین گرے نے لکھا کہ ’میں نے ای میل کا پاس ورڈ ہی غلط لگا دیا۔‘

عید کی چھٹیوں کے دوران کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے بین الصوبائی،انٹر اور انٹرا سٹی پبلک ٹرانسپورٹ پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی۔

شیئر: