Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان تشدد ختم کرنے پر کام کر رہا ہے: بلنکن

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’اگر فریقین کو جنگ بندی کے لیے ہماری سپورٹ کی ضرورت ہے تو ہم تیار ہیں۔‘ (فوٹو: اے پی)
امریکی سیکریٹری خارجہ انتھونی بلنکن نے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان تنازعے کے تمام فریقین پر سویلین کی حفاظت کرنے پر زور دیا ہے۔
خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق انتھونی بلنکن نے کہا کہ امریکہ تشدد ختم کرنے کے لیے سرگرمی سے کام کررہا ہے۔
کوپن ہیگن میں ڈنمارک کے وزیر خارجہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ہم سفارتی چینلز کے ذریعے تنازع کو ختم کرنے کے لیے 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں۔‘
خیال رہے غزہ میں ہونے والی لڑائی سوموار کو دوسرے ہفتے میں داخل ہوگئی جب اسرائیل نے عزہ میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور شدت پسندوں نے اسرائیلی شہروں پر راکٹ فائر کیے۔
غزہ کے صحت حکام کے مطابق لڑائی میں ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 198 ہوگئی ہے جن میں 58 بچے اور 34 خواتین بھی شامل ہیں۔
اسرائیلی حکام کے مطابق راکٹ حملوں میں دو بچوں سمیت 10 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
بلنکن کا کہنا تھا کہ امریکہ کو بڑھتے تشدد پر بہت زیادہ تشویش ہے جس میں سینکٹروں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’اگر فریقین کو جنگ بندی کے لیے ہماری سپورٹ کی ضرورت ہے تو ہم تیار ہیں۔‘
بلنکن نے کہا کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ ان کو صحافی اور طبی کارکنان کو زندگیوں کو لاحق خطرات پر تشویش ہے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ امریکہ نے اسرائیل سے عزہ میں میڈیا ہاؤس کے دفاتر پر ہونے والے حملے کے حوالے سے تفصیلات طلب کی ہے۔
 

شیئر: