Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گھریلو عملے کی انشورنس سے کیا فائدے ہوں گے؟

’کام کے دوران حادثہ پیش آجائے جس کے باعث کارکن معذور ہوجائے تو انشورنس اسے مناسب معاوضہ ادا کرے گی‘ ( فوٹو: عاجل)
سعودی وزیر ہیومن ریسورسز و سماجی فروغ احمد بن سلیمان الراجحی نے کہا ہے کہ گھریلو ملازمین کی انشورنس سے آجر اور اجیر دونوں کو متعدد فائدے ہوں گے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’گھریلو عملے کی انشورنس کا ایک فائدہ یہ ہے کہ کارکن کے انتقال ہوجانے یا کام سے عاجز آنے کی صورت میں ریکروٹمنٹ کمپنی کفیل کو متبادل کارکن فراہم کرنے کی پابند ہوگی‘۔
’اسی طرح کارکن کے انتقال کی صورت میں اس کی لاش واپس بھیجنے کے اخراجات بھی انشورنس کے ذمے ہوں گے۔ کارکن کے فرار ہونے کی صورت میں بھی کفیل کو متبادل کارکن فراہم کیا جائے گا‘۔
وزیر ہیومن ریسورسز نے کہا ہے کہ ’انشورنس سے کارکن کو یہ فائدہ ہے کہ کام کے دوران حادثہ پیش آجائے جس کے باعث وہ معذور ہوجائے تو انشورنس اسے مناسب معاوضہ ادا کرے گی‘۔
’انشورنس پالیسی سے سعودی لیبر مارکیٹ زیادہ پر کشش ہوگی نیز اس کی موجودگی میں لیبر فراہم کرنے والے ممالک سے زیادہ بہتر طریقے سے معاہدے ہوں گے‘۔
’انشورنس سے آجر اور اجیر دونوں کے حقوق محفوظ رہیں گے نیز کام کے دوران پیدا ہونے والے خطرات اور نقصانات کا تخمینہ کم سے کم رہے گا‘۔
واضح رہے کہ سعودی کابینہ نے گھریلو ملازمین کے لئے دوسال کے انشورنس کی منظوری دی ہے۔

شیئر: