Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گھریلو ملازمین کا دو سال کے لیے انشورنس کرانا لازمی قرار

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی زیرصدارت کابینہ کا آن لائن اجلاس ہوا جس میں ملکی اور بین الاقوامی معاملات کا جائزہ لیا گیا اور متعدد اہم فیصلے کئے گئے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ریکروٹنگ کمپنیاں بیرون ملک سے لائے جانے والے گھریلو ملازمین کی انشورنس کرانے کی پابند ہیں۔
انشورنس اخراجات ملازم لانے کے مجموعی اخراجات میں شامل کئے جائیں گے نیز یہ انشورنس دو سال تک کرنا ہوگا۔
بعد ازاں دو سال گزرنے پر کفیل کو اختیار ہے کہ وہ انشورنس جاری رکھے یا ختم کردے۔
کابینہ نے یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ تمام سرکاری محکموں میں مستقل اور غیر مستقل ملازمین کے علاوہ وہ افراد بھی جو جزوقتی طور پر کام کرتے ہیں خواہ ان کے کام کی مدت کچھ بھی ہو، انہیں سوشل انشورنس میں شامل کیا جائے گا۔
کابینہ اجلاس میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’سعودی عرب، فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی پرتشدد کارروائیوں کی روک تھام کے لیے کوششیں جاری رکھے گا‘۔
کابینہ نے کہا ہے کہ ’اسرائیل کی فلسطینیوں کے خلاف پرتشدد کارروائیاں ناقابل قبول ہیں۔ سعودی عرب ان کارروائیوں کی روک تھام کے لیے ہرسطح پر اقدامات کرے گا‘۔
’سعودی عرب تمام موثر فورمز کے ذریعے اسرائیل پر دباؤ ڈالنے اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل، فلسطینی قوم کی امنگوں‌ کے مطابق آزاد ریاست کے قیام، مشرقی بیت المقدس کو فلسطینی ریاست کا دار الحکومت تسلیم کرنے، بین الاقوامی قرار دادوں اور عرب امن فارمولے کے تحت تنازع فلسطین کے حل کے لیے مساعی جاری رکھے گا‘۔

’اسرائیل کی فلسطینیوں کے خلاف پر تشدد کارروائیاں ناقابل قبول ہیں، ان کی روک تھام کے لیے ہرسطح پر اقدامات کئے جائیں گے‘ ( فوٹو: واس)

اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد بن عبداللہ القصبی نے کہا کہ ’اجلاس میں سوڈان میں قیام امن کی کوششوں اور سوڈانی عوام کی بہبود کی حمایت کا اعلان کیا گیا تاکہ سوڈان کو ایک بار پھر عالمی برادری میں فعال کردار ادا کرنے کا موقع مل سکے‘۔
’اس حوالے سے پیرس ڈونر کانفرنس کے نتائج کا بھی خیرمقدم کیا گیا جس میں سوڈان کے لیے ہنگامی امداد کی فراہمی کے ساتھ خرطوم کو قرضوں کے بوجھ سے نجات دلانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے‘۔
کابینہ نے بین الاقوامی سطح کے علاوہ ملک میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہی حاصل کی اور وبا پر قابو پانے کے لیے ویکسین کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

شیئر: