Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی افواج نے خمیس مشیط پر ایک اور ڈرون حملہ ناکام بنا دیا

حوثی ملیشیا شہریوں کو نشانہ بنانے کی منظم کوشش جاری رکھے ہوئے ہے۔ (فوٹو: الامارات الیوم)
حوثی ملیشیا نے آج ہفتہ کو علی الصباح خمیس مشیط کو نشانہ بنانے کے لیے بارودی ڈرون داغا ہے جسے تباہ کر دیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اتحادی افواج نے کہا ہے کہ ’فضائی دفاعی نظام نے سعودی عرب کے شہر خمیس مشیط کی سمت داغے جانے والے ڈرون کو فضا میں تباہ کر دیا ہے۔ یہ ڈرون طیارہ یمن میں ایران نواز حوثی ملیشیا کی جانب سے داغا گیا تھا‘۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جمعہ کو بھی حوثی باغیوں نے خمیس مشیط کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔
اتحادی افواج نے کہا ہے کہ ’دہشت گرد حوثی ملیشیاسعودی عرب میں شہریوں اور نجی املاک کو نشانہ بنانے کی مسلسل کوششیں کر رہی ہے‘۔

’تازہ حملہ آج ہفتہ کو علی الصباح کیا گیا ہے‘ ( فوٹو: المواطن)

اس سے قبل عرب اتحاد نے جنوبی سعودی عرب پر حوثیوں کے ڈرون کو راستے میں روک کر تباہ کیا تھا۔
 ایس پی اے کے مطابق عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ ’حوثی ملیشیا عام شہریوں کو نشانہ بنانے کی منظم کوشش جاری رکھے ہوئے ہے‘۔
اماراتی وزارت خارجہ نے بیان میں حوثیوں کے ڈرون حملے کی مذمت کی اور کہا کہ ’اس انداز سے مسلسل حملے کرتے رہنا ظاہر کرتا ہے کہ ان کی نظر میں نہ بین الاقوامی برادری اور نہ ہی عالمی قوانین و روایات کی کوئی اہمیت نہیں ہے‘۔ 
اماراتی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ ’سعودی عرب اور امارات کا امن ناقابل تقسیم اکائی ہیں۔ سعودی عرب کو درپیش ہر خطرہ امارات کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔‘
اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین  نے حوثیوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’امن و استحکام  اور جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے لیے سعودی عرب جتنے اقدامات کرے گا او آئی سی کو اپنا حامی و مدد گار پائے گا۔‘
عرب پارلیمنٹ کے سپیکرعادل العسومی نے خبردار کیا کہ ’حوثیوں کے یہ دہشتگردانہ حملے جنگی جرائم ہیں اور بین الاقوامی قوانین و روایات کے منافی ہیں۔‘
انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کے انسانیت سوز جرائم کا نوٹس لے اور اس کے خلاف فوری اور فیصلہ کن اقدام کرے۔ 

’اس سے قبل عرب اتحاد نے جنوبی سعودی عرب پر حوثیوں کے ڈرون کو فضا میں تباہ کیا تھا‘ ( فوٹو: العربیہ)

عرب پارلیمنٹ کے سپیکر نے سعودی عرب سے بھرپور یکجہتی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ’ سعودی عرب کا امن قومی عرب سلامتی کا اٹوٹ حصہ ہے۔‘ 
یاد رہے کہ سعودی عرب میں محکمہ شہری دفاع نے بدھ کو بیان میں کہا تھا کہ ’ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے یمن سے جازان کے ایک سرحدی قریے پر گولے داغے ہیں تاہم کوئی زخمی نہیں ہوا۔‘
 

شیئر: