Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پابندی کے خاتمے پر گیارہ ملکوں سے آنے والے مسافروں کےلیے شرائط کیا ہیں؟

گیارہ ممالک کے مسافروں کی آمد پر پابندی اتوار 30 مئی سے اٹھائی گئی ہے۔(فوٹو سیدتی)
سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جن گیارہ ممالک سے آنے والے غیر ملکیوں کومشروط اجازت دی ہے ان میں پاکستان اور انڈیا شامل نہیں تاہم اب صرف 9 ممالک سے مسافروں کے سعودی عرب آنے پر پابندی برقرار ہے۔ 
وزارت داخلہ نے نئے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر 2 فروری 2021 کو پاکستان سمیت 20 ممالک سےآنے والے غیرملکیوں پرپابندی عائد کی تھی جن میں سے گیارہ ممالک کے مسافروں کی آمد پر پابندی اتوار 30 مئی سے اٹھائی گئی ہے۔
ان ممالک سے آنے والے ان غیر ملکیوں کو جنہیں استثنی نہیں قرنطینہ کے ضوابط کی پابندی کرتے ہوئے سات دن مخصوص ہوٹل میں گزارنے ہوں گے۔ 
وزارت صحت کی شرائط کے مطابق قرنطینہ کی پابندی کے دوران چھٹے دن ’پی سی آر‘ ٹیسٹ کرانا ہو گا جس کی رپورٹ نیگیٹو آنے کے بعد ہی وہ معمول کے مطابق قرنطینہ کی پابندی ختم کر سکیں گے۔ 
اس سے پہلے سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے 17 مئی کو سعودی شہریوں کے بیرون مملکت سفر پرپابندی ہٹائی گئی تھی جس کے تحت سعودی شہری مقررہ صحت قوانین کی پابندی کرتے ہوئے ان ممالک میں جاسکتے تھے جن پر17 مئی سے قبل سفری پابندی عائد تھی۔  
سفری ضوابط کے تحت ایسے سعودی شہریوں کو ہی بیرون ملک سفر کی اجازت دی گئی تھی جنہوں نے کورونا کی دونوں خوراکیں لگائی ہوں یا ایک خوراک لیے ہوئے 14 دن سے زیادہ گزر چکے ہوں جبکہ وہ شہری جو کورونا وائرس کا شکار ہو کر اس سے صحتیاب ہو چکے ہوں بشرطیکہ انہیں کورونا سے شفایاب ہوئے 6 ماہ سے زیادہ کا عرصہ نہ گزرا ہو۔  
سعودی شہریوں کو دی جانے والی اجازت میں تیسرے زمرے میں 18 برس سے کم عمر کے نوجوان شامل تھے تاہم اس زمرے میں شامل افراد کے لیے سعودی مرکزی بینک کی جانب سے منظور شدہ بیمہ کمپنیوں سے طبی بیمہ پالیسی لینا لازمی تھا جس میں کورونا کا علاج بھی شامل ہو۔ 

اب صرف 9 ممالک سے مسافروں کے آنے پر پابندی برقرار ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)

جبکہ 18 برس سے کم عمر سعودی شہریوں کےلیے اس امر کی بھی پابندی عائد کی گئی تھی کہ واپسی پر وہ افراد 7 دن کےلیے گھر میں ائسولیٹ رہیں گے اور چھٹے دن پی سی آر ٹیسٹ کرانے کے بعد نتیجہ منفی آنے پر معمول کے مطابق آئسولیشن ختم کرسکیں گے۔   
یہ شرائط  ان گیارہ ممالک سے آنے والے غیر ملکیوں پربھی لاگو ہونگی جن پر پابندی اتوار 30 مئی 2021سے ہٹائی گئی ہے۔ 
پابندی ہٹانئے جانے کے بعد گیارہ ممالک سے آنے والے وہ غیر ملکی جنہو ں نے سعودی عرب میں منظور شدہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لی ہوئی ہوں یا پہلی خوراک لیے ہوئے 14 دن سے زیادہ گزر چکے ہوں علاوہ ازیں کورونا وائرس سے صحتیابی کا عرصہ 6 ماہ سے کم ہو ایسے افراد لازمی ہوٹل قرنطینہ کے زمرے میں شامل نہیں ہونگے۔ 
 وہ غیر ملکی جنہوں نے ویکسین نہیں لی یا وہ کورونا سے صحتیاب نہیں ہوئے انہیں مملکت آنے کے بعد لازمی طورپر سات دن کےلیے قرنطینہ کرنا ہوگا جس کے بعد پی سی آر ٹیسٹ کرانے اور رپورٹ منفی آنے پر ہی وہ قرنطینہ پابندی سے آزاد ہو سکیں گے۔

شیئر: