Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تربوز کا جوس، بڑھتی عمر کے آثار روکنے میں مددگار ہو سکتا ہے

تربوز موسم گرما کے پھلوں میں سے ایک ہے، یہ عام طور پر جسم اور خاص طور پر جلد کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے کیونکہ اس میں پانی کی ایک بڑی مقدار ہوتی ہے جو جسم اور جلد کو پانی کی کمی سے بچاتا ہے۔
سیدتی میگزین میں شائع ایک رپورٹ میں ماہرغذا ڈاکٹر مجدی نزیہ کا کہنا ہے کہ  تربوز میں 90 فیصد پانی ہوتا ہے اور یہ غذائی اجزا، وٹامنز اور معدنیات سے بھرپور ہوتا ہے۔ ان تمام فوائد کے علاوہ تربوز جلد کی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے بھی نہایت مفید ہے۔ اسے گرمیوں میں خوبصورتی کا پھل کہا جاتا ہے۔

جلد کی صحت کے لیے تربوز کے جوس کے فوائد

تربوز میں کولین نامی جزو کی وجہ سے جسمانی انفیکشن کم ہوتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ تربوز کا جوس جلد کو متاثر کرنے والی سوجن کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے۔
اس کے جوس میں وٹامن اے ہوتا ہے، جو جلد کو اچھی طرح سے نم رکھنے میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔
اس کا جوس جلد کی نمی برقرار رکھتا اور جسم کو پانی کی کمی سے بچنے میں مدد دیتا ہے۔
تربوز کے جوس میں وٹامن سی کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے، جو کولیجن کی تیاری میں مدد کرتا ہے، یہ جلد کی صحت کے لیے بہت فائدہ مند ہے۔
یہ ایک ایسا پھل ہے جس میں اینٹی آکسیڈنٹ کی مقدار کافی ہوتی ہے، جو جلد پر عمر بڑھنے کے آثار کو کم کرنے میں مدد کرتی ہے۔
تربوز کا جوس سورج کی روشنی کی وجہ سے جلد کو ہونے والے نقصان سے بچانے میں مدد کرتا ہے۔

جسمانی صحت کے ساتھ تربوز کو خوبصورتی کی نگہداشت کا اہم ذریعہ مانا جاتا ہے۔ (فوٹو: پکسابے)

جلد پر تربوز لگانے سے جلد کے داغوں اور مہاسوں سے بھی نجات ملتی ہے۔
اس میں وٹامن بی ون، بی سکس اور وٹامن اے کے علاوہ فائبر، بیٹا کیروٹین اور وٹامن سی بھی پایا جاتا ہے۔ یہ تمام عناصر جلد کے لیے بہت فائدہ مند ہیں اور آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقوں کو ختم کرنے میں بھی مددگار ہوتے ہیں۔
تربوز میں چونکہ پانی اور وٹامن سی کی بڑی مقدار ہوتی ہے اس لیے تربوز کا جوس جسم کے مخصوص حصوں میں جلد پر جمع ہو جانے والے سیلولائٹ کو کامیابی کے ساتھ ختم کرنے میں مدد کرتا ہے۔
اس کا جوس جلد کے انفیکشن سے نجات کے لیے اچھا ہے جبکہ اس کا چھلکا جلد کے انفیکشن میں راحت کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
تربوز کا رس بالوں کے جھڑنے کو روکتا ہے، بالوں میں اس کا رس لگا کر اور اس کے بعد انہیں دھو کر متاثر کن نتائج  حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
  • واٹس ایپ پر خبریں حاصل کرنے کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: