Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے نئے کیسز ایک ہزار سے زیادہ، مزید 16 اموات

کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 9 ہزار 788 ہو گئی ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں جمعہ 4 جون کو ایک بار پھر کورونا کے ایک ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ 
 جمعے کو سبق نیوز نے وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ایک ہزار 201 نئے مریض سامنے آئے جبکہ ایک ہزار 322 افراد صحت یاب بھی ہوئے۔
وزرات صحت کے مطابق ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 16 مریض چل بسے، جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر سات ہزار 424 ہو گئی ہے۔‘
وزارت کا کہنا ہے کہ ’مملکت میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 9 ہزار 788 ہو گئی ہے، جن میں سے ایک ہزار 528 مریضوں کی حالت نازک ہے جو انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں زیرعلاج ہیں۔‘
وزارت صحت کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق ’سب سے زیادہ مریض مکہ ریجن میں سامنے آئے، جن کی تعداد 370 ہے جبکہ ریاض ریجن میں 294 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔‘
شرقیہ ریجن میں 167، مدینہ ریجن میں 92، عسیر ریجن میں 76، جازان ریجن میں 61، القصیم ریجن میں 50، تبوک ریجن میں 26، نجران ریجن میں 21، حائل ریجن میں 19، الباحہ ریجن میں 15، الحدود الشمالیہ میں 8 جبکہ الجوف ریجن میں 2 مریض سامنے آئے ہیں۔
اب تک چار لاکھ 55 ہزار 418 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں سے چار لاکھ 38 ہزار 206 افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’کورونا سے بچاؤ کے لیے مقررہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے، جن میں سماجی فاصلے کا اصول انتہائی اہم ہے۔‘

شیئر: