Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیرون ملک مقیم تارکین کے اقاموں اور خروج وعودہ میں 31 جولائی تک مفت توسیع

ایس پی اے کے مطابق توسیع خود کار نظام کے تحت کی جائے گی ( فوٹو: ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر محکمہ پاسپورٹ نے بیرون مملکت مقیم غیر ملکیوں کے اقاموں، وزٹ ویزوں اور خروج و عودہ کے ویزوں میں ایک مرتبہ پھر خود کار توسیع شروع کردی ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ توسیع خود کار نظام کے تحت 31 جولائی 2021 تک کسی فیس یا چارجز کے بغیر ہوگی۔
فیصلے کے مطابق وزیر خزانہ نے توسیع کے شاہی فرمان پر عملدرآمد کی ہدایات جاری  کردی ہیں۔
سعودی حکومت اقاموں اور ویزوں میں توسیع کورونا وائرس کے مسائل سے نمنٹے کی سرکاری پالیسی کے تحت کر رہی ہے۔
سعودی حکومت اس بات کے لیے کوشاں ہے کہ مقامی شہریوں اور غیرملکیوں کی صحت و سلامتی کے لیے درکار احتیاطی تدابیر اختیار اور ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے مالیاتی اور اقتصادی نقصانات کم سے کم ہوں۔
محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ ’اقاموں اور ویزوں میں توسیع نیشنل انفارمیشن سینٹر کے تعاون سے خود کار نظام کے تحت ہوگی، اس کے لیے کسی کو دفاتر سے رجوع نہیں کرنا پڑے گا۔‘
محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے توسیع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ’بیرون مملکت موجود ان اقامہ ہولڈرز کے اقاموں اور خروج و عودہ ویزوں میں توسیع ہوگی جہاں سے آمد پر کورونا وائرس پھیلنے سے روکنے کے لیے پابندی لگی ہوئی ہے اور یہ توسیع 31 جولائی 2021 تک ہوگی۔‘
’بیرون مملکت موجود ان افراد کے وزٹ ویزے میں توسیع ہوگی جہاں سے آمد پر کورونا وائرس پھیلنے سے روکنے کے لیے پابندی لگی ہوئی ہے اور یہ توسیع 31 جولائی 2021 تک ہوگی۔‘
اس سے قبل پابندی والے ممالک میں مقیم  افراد کے اقاموں، وزٹ ویزوں اور خروج وعودہ میں دو جون 2021 تک توسیع کی گئی تھی۔

شیئر: