Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آپ کی دعاؤں سے دلیپ کمار ہسپتال سے گھر جا رہے ہیں‘

ادااکار دلیپ کمار کو سانس میں تکلیف کے باعث ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
لیجنڈری انڈین اداکار دلیپ کمار سرجری کے بعد ہسپتال سے گھر منتقل ہوگئے ہیں۔
اداکار دلیپ کمار کو سانس میں تکلیف کے باعث اتوار کو ممبئی کے ہندوجا ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
جمعے کو اداکار دلیپ کمار کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ان کے مینجر نے لکھا کہ ’آپ لوگوں کی محبت اور دعاؤں سے دلیپ صاحب ہسپتال سے گھر جا رہے ہیں۔‘
انڈین ایکسپریس کے مطابق دلیپ کمار کے معالج ڈاکٹر جلیل پارکر نے بتایا تھا کہ ’ان کی صحت اب بہتر ہے۔ ان کی صحت دو دن سے مستحکم ہے۔ ان کا آکسیجن سیچوریشن بھی بہتر ہوا اور سانس لینے میں دشواری بھی کم ہوئی ہے۔‘
98 برس کے اداکار کے خاندان نے بھی ان کی صحت کے حوالے سے بدھ کو کہا تھا کہ ’دلیپ کمار کا علاج کامیابی سے ہو گیا ہے۔‘
اداکار دلیپ کمار کو گذشتہ ماہ بھی طبیعت خراب ہونے پر اسی ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
دلیپ کمار جن کا اصل نام محمد یوسف خان ہے، ان کا شمار انڈین فلم انڈسٹری کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے۔
پانچ دہائیوں سے زیادہ عرصے پر مشتمل کیریئر میں اداکار دلیپ کمار نے انڈین سنیما کو متعدد ہٹ فلمیں دیں۔
ان کی کامیاب فلموں میں مغل اعظم، دیوداس، نیا دور اور رام اور شیام وغیرہ شامل ہیں۔ ان کو آخری مرتبہ 1998 میں فلم قلعہ میں دیکھا گیا۔

شیئر: