Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حکومت پشاور میں دلیپ کمار، راج کپور کے گھر خریدے گی

دلیپ کمار آٹھ سال کی عمر میں ممبئی چلے گئے تھے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں کئی تاریخی اور ثقافتی عمارتیں موجود ہیں جن میں سے کچھ صوبائی حکومت اور بعض محمکہ آثار قدیمہ کی تحویل میں ہیں تاہم کئی تاریخی عمارتیں تاحال حکام کی توجہ کی طالب ہیں۔ 
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق انہی عمارتوں میں مشہور انڈین اداکاروں دلیپ کمار اور راج کپور کے گھر بھی شامل ہیں جن کو اب ثقافتی ورثے اور سیاحتی مرکز بنانے کے لیے کام شروع کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ دلیپ کمار اور راج کپور کے گھروں کو ان کے مالکان مسمار کر کے اس زمین پر کمرشل پلازہ بنانا چاہ رہے تھے۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے محکمہ آرکیالوجی اور میوزیم کے ڈائریکٹر عبدالصمد خان نے بتایا کہ اس وقت ان کے محکمے نے مداخلت کر کے گھروں کے گرائے جانے کو رکوایا تھا، لیکن گھروں کو تب کسی حد تک نقصان پہنچ چکا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اب مسمار ہونے سے بچانے کے بعد اگلا مرحلا یہ ہے کہ خیبر پختونخوا کی حکومت ان گھروں کو خرید کر ان کی مرمت کا کام کرے تاکہ انہیں مخفوظ کیا جا سکے، کیونکہ ان گھروں کا شمار ملک کے ثقافتی ورثے میں ہوتا ہے۔
’اس کے لیے محکمے نے پشاور کے ڈپٹی کمشنر کو خط لکھے ہیں تاکہ صوبائی حکومت گھروں کی ملکیت حاصل کر سکے۔‘
عبدالصمد کا کہنا تھا کہ حکومت گھروں کی ملکیت لینڈ ایکوزیشن ایکٹ 1984 کے سیکشن 4 کے تحت حاصل کرے گی۔
ان کے مطابق حکومت نے ان پراپرٹیز کو کچھ عرصہ قبل ثقافتی ورثہ قرار دے کر ایک مرحلہ پورا کر لیا، ان کو خرید کر ایک اور مرحلہ مکمل ہوگا، جس کے بعد ان کی مرمت کا کام شروع کیا جائے گا۔

فلم 'میرا نام جوکر' کے سٹار راج کپور کا پشاور میں آبائی گھر  کپور حویلی کے نام سے مشہور ہے۔ فوٹو: فیس بک

’حتمی مرحلے میں ان دونوں گھروں کو یا تو میوزیم کے طور پر استعمال کیا جائے گا یا کسی ایسے طریقے سے کہ سیاحت کو فروغ مل سکے۔‘
عبدالصمد کا کہنا تھا کہ 9/11 کے بعد پاکستان میں خاص کر خیبر پختوخوا میں جو دہشتگردی کی لہر آئی تھی اس سے صوبے میں سیاحت بلکل ختم ہوگئی تھی، اور پشاور جوکہ ایک ثقافتی مرکز ہوا کرتا تھا اس کا یہ نام شہر سے چھن گیا تھا۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ اب سکیورٹی صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور صوبے میں غیر ملکی سیاح بھی آ رہے ہیں، اسی لیے اب صوبائی حکومت چاہتی کہ ایسے مراکز بحال کیے جائیں جس سے شہر کے رنگ ایک بار پھر لوگوں کو اپنی جانب کھینچ سکیں۔
فلم 'میرا نام جوکر' کے سٹار راج کپور کا پشاور میں آبائی گھر  کپور حویلی کے نام سے مشہور ہے اور یہ شہر کے قصہ خوانی بازار میں واقع ہے۔ یہ گھر 1918 اور 1922 کے درمیان بنایا گیا تھا اور اس میں راج کپور کی پیدائش ہوئی تھی۔
اس کے علاوہ دلیپ کمار کا 100 سال پرانا گھر بھی پشاور شہر کی تاریخ کا حصہ ہے۔ وہ آٹھ سال کی عمر میں ممبئی چلے گئے تھے انڈیا چلے گئے تھے۔

شیئر: