Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئٹہ: پانی کی ٹینکی صاف کرتے تین بھائیوں سمیت چار مزدور ہلاک

پولیس کے مطابق ٹینکی گھر کے بیسمنٹ میں بنائی گئی تھی (فائل فوٹو: ایدھی)
کوئٹہ میں پانی کی ٹینکی کی صفائی کرتے ہوئے دم گھٹنے سے چار مزدور ہلاک ہوگئے۔ مرنے والوں میں تین سگے بھائی بھی شامل ہیں۔ 
پولیس کے مطابق واقعہ اتوار کو کوئٹہ کے علاقے مری آباد کے محلہ عباسیہ میں پیش آیا جہاں مزدور ایک زیر تعمیر گھر کی ٹینکی کی صفائی کا کام کر رہے تھے۔ 
قائد آباد پولیس تھانہ کے ڈیوٹی آفیسر جاوید احمد نے اردو نیوز کو بتایا کہ ٹینکی گھر کے بیسمنٹ میں بنائی گئی تھی جس کی صفائی کے لیے پہلے دو بھائی 24 سالہ محمد شریف اور 22 سالہ محمد تقی اترے اور بے ہوش ہوگئے۔  تیسرا بھائی 32 سالہ محمد رحیم بچانے کے لیے ٹینکی میں اترا تو ان کا بھی دم گھٹ گیا۔
انہوں نے بتایا کہ گھر میں رنگ کا کام کرنے والا چوتھا مزدور عابد علی ٹینکی میں اترا مگر وہ بھی حادثے کا شکار ہوگیا۔ چاروں افراد کو باہر نکالا گیا تو وہ دم توڑ چکے تھے۔ 
پولیس کا کہنا ہے کہ بیسمنٹ میں جنریٹر چل رہا تھا جس کا دھواں بیسمنٹ اور ٹینکی میں جمع ہوگیا تھا۔ چاروں افراد کی موت دھوئیں سے دم گھٹنے کے باعث ہوئی۔

شیئر: