تبوک فارما سوٹیکل اور امریکی کمپنی میں معاہدے کی شرائط کیا ہیں؟
تبوک فارما سوٹیکل کی 20 مارکیٹوں میں موجودگی ہے(فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کی تبوک فارما سوٹیکل نے امریکی دواساز کمپنی موڈرنا کے ساتھ مملکت میں کوویڈ 19 ویکسین فروخت اور تقسیم کرنے کے معاہدے کی تصدیق کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ریاض بیسڈ کمپنی نے اتوار کو سٹاک ایکسچینج فائلنگ میں کہا ہے کہ اس نے موڈرنا سوئٹزرلینڈ کے ساتھ خصوصی سروس کا معاہدہ کیا ہے۔
تبوک فارما سوٹیکل نے کہا کہ اس معاہدے کی قیمت کا تعین کرنا مشکل ہے کیونکہ ’یہ مارکیٹ میں فراہمی اور فروخت کی سطح پر منحصر ہے۔‘
اس میں کہا گیا ہے کہ معاہدے کی مدت کے دوران تبوک سوٹیکل پراڈکٹ کے لیے مارکیٹنگ کی اجازت دے گا۔
معاہدے کے دائرہ کار میں ہول سیلرز، ہسپتالوں، کلینکس اور دیگر کو مصنوعات کی مناسب تقسیم کے لیے ہینڈلنگ کی فراہمی شامل ہے۔
اگر یہ مستقبل میں مجاز ہو تو دوسری مصنوعات یا نئی مختلف قسم کی ویکسین کے سلسلے میں تبوک کے موڈرنا کے ساتھ کام کرنے کا امکان بھی ہے۔
واضح رہے کہ تبوک فارما سوٹیکل کی 20 مارکیٹوں میں موجودگی ہے اور اس میں 1500 سے زیادہ ملازمین کام کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ امریکی کمپنی موڈرنا نے بیان میں کہا تھا کہ ’سعودی عرب میں موڈرنا ویکسین کی تقسیم پر تبوک دوا ساز کمپنی کے ساتھ معاہدہ ہو گیا ہے‘۔
العربیہ نیٹ کے مطابق امریکی کمپنی نے بیان میں کہنا تھا کہ’ تبوک دوا ساز کمپنی کے ساتھ معاہدے میں آئندہ رونما ہونے والی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مطلوب خوراکوں کے معاملات اور ویکسین کی تقسیم شامل ہے‘۔