ابوظبی: ایکسپائر ویزے والے افراد کو مفت ویکسین لگانے کا فیصلہ
کورونا ویکسین لگانے کا فیصلہ امارات کے بیشتر عوامی مقامات پر داخلے کے لیے ’گرین پاس‘ نظام کے نفاذ کے کچھ ہی دنوں بعد کیا گیا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ابوظبی کے میڈیا آفس نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ایسے تمام افراد جن کے داخلی اور رہائشی ویزوں کی معیاد ختم ہو چکی ہے، ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مفت کورونا ویکسینز لگائی جائے گی۔‘
عرب نیوز کے مطابق سنیچر کو اپنے ٹویٹ میں میڈیا آفس کا کہنا ہے کہ ’مفت کورونا ویکسین لگوانے کے لیے کسی بھی قسم کی باقاعدہ شناخت یہاں تک کہ اس کی معیاد ختم بھی ہو چکی ہو، مخصوص ویکسین سینٹرز میں رجسٹر ہونے کے لیے استعمال کی جا سکتی ہے۔‘
اس فیصلے سے قبل امارات کی شناخت یا مستقل رہائش پذیر افراد ہی دارالحکومت میں ویکسین کے لیے اندراج کروا سکتے تھے۔
حکام نے یہ فیصلہ امارات کے بیشتر عوامی مقامات پر داخلے کے لیے ’گرین پاس‘ نظام کے نفاذ کے کچھ ہی دنوں بعد کیا ہے۔
15 جون سے مالز، بڑی سپر مارکیٹوں، جمز اور ہوٹلوں میں آنے والے افراد کو داخل ہونے کے لیے الحصن ایپ پر کلر کوڈ دکھانا ہوگا۔
میڈیا آفس نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا ہے کہ ’ابوظہبی ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹرس کمیٹی نے کورونا وائرس سے مقابلے کے لیے امارات کی چار ستونوں کی حکمت عملی کی بنیاد پر، الحصن ایپ پر گرین پاس کے استعمال کی منظوری دے دی ہے۔ اس حکمت عملی میں ٹیکے لگانے، فعال کیسز کا سراغ لگانے، محفوظ داخلے اور حفاظتی اقدامات کو اپنانے پر توجہ دی گئی ہے۔‘
ایپ کے حوالے سے ابوظہبی میڈیا آفس کا کہنا ہے کہ ’الحصن کے کلر کوڈنگ نظام کی چھ اقسام ہیں۔ جن میں ویکسین مکمل لگ چکی ہے، دوسری خوراک کے وصول کنندگان، پہلی خوراک کے وصول کنندگان اور دوسری کے منتظر شامل ہیں۔
اس فیصلے میں 16 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد بھی شامل ہیں۔