Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پاکستانی کینیڈین مردم شماری فارم میں پاکستانی زبانوں کے نام لکھ سکتے ہیں‘

ہائی کمیشن کا کہنا ہے مردم شماری کا فارم پر کرتے ہوئے اردو کے ساتھ مقامی زبانوں کا اندراج بھی کر سکتے ہیں (فوٹو: پاکستان ہائی کمیشن ویب سائٹ)
کینیڈا کی حکومت نے پاکستان ہائی کمیشن کو وضاحت کی ہے کہ کینیڈین مردم شماری کے فارم میں کوئی بھی زبان کسی بھی درجے میں تفصیل سے لکھنے کی اجازت ہے۔
پاکستان ہائی کمیشن کینیڈا  کی جانب سے جاری بیان کے مطابق  ہائی کمیشن کے ساتھ خط و کتابت میں کینیڈین حکام نے اس امر کی تصدیق کر دی ہے کہ کینیڈا کی مردم شماری کا فارم  پر کرتے ہوئے پاکستان نژاد کینیڈین شہری پاکستان کی قومی زبان اردو کے ساتھ ساتھ پاکستانی پنجابی، پاکستانی پشتو، پاکستانی پشتو اور پاکستانی سندھی سمیت کوئی بھی زبان کسی بھی درجے میں تفصیل کے ساتھ لکھ سکتے ہیں۔
اس سے قبل پاکستان ہائی کمیشن کینیڈا نے ایک خط کے ذریعے کینیڈین حکام سے پاکستان میں بولی اور لکھی جانے والی شاہ مکھی پنجابی کو انڈیا میں بولی اور لکھی جانے والی گرمکھی پنجابی سے ممتاز کرنے کی درخواست کی تھی۔
پاکستان ہائی کمیشن نے اردو زبان کو انفرادی قومی زبانوں کے خانے میں شامل کرنے کے ساتھ کینیڈین حکام کے ساتھ خط و کتابت میں پاکستان میں بولی جانے والی دیگر زبانوں بشمول بلوچی، پشتو اور سندھی کے حوالے سے بھی وضاحت کی درخواست کی تھی۔
پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے وضاحت طلب کیے جانے کے بعد سٹیٹسٹکس کینیڈا، حکومت کینیڈا نے پاکستان ہائی کمیشن کو تحریری طور پر مطلع کیا ہے کہ کینیڈا کی  مردم شماری کے فارم کو پر کرتے ہوئے پاکستان نژاد کینیڈین شہری کوئی بھی زبان کسی بھی درجے میں تفصیل کے ساتھ بیان کر سکتے ہیں۔  
ہائی کمیشن کے مطابق اس وضاحت کی روشنی میں انہیں مردم شماری کا فارم پر کرتے ہوئے پاکستان کی قومی زبان اردو کے ساتھ ساتھ پاکستانی پنجابی، پاکستانی پشتو،پاکستانی بلوچی اور پاکستانی سندھی سمیت کوئی بھی زبان کسی بھی درجے میں تفصیل کے ساتھ لکھنے کی مکمل اجازت ہے۔

شیئر: