Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فرانسیسی فٹبالر پال پوگبا نے سامنے رکھی بیئر کی بوتلیں ہٹا دیں

فرانسیسی مڈفیلڈر جرمنی کے خلاف مقابلے کے مین آف دی میچ قرار پائے تھے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی جانب سے کوکا کولا کی دو بوتلیں ہٹانے کے بعد فرانسیسی فٹبال ٹیم کے مڈ فیلڈر پال پوگبا نے بھی میچ کے بعد ہونے والی پریس کانفرنس کے دوران انتظامیہ کی طرف سے رکھی جانے والی بیئر کی بوتل اُٹھا کر نیچے رکھ دی۔
سکائی سپورٹس کے مطابق میونخ میں ہونے والے میچ میں جرمنی کو ایک صفر سے شکست دینے کے بعد مین آف دی میچ قرار پانے والے پال پوگبا نے پوسٹ میچ نیوز کانفرنس میں رکھی بیئر کی بوتل کو ہٹا دیا تھا۔ 
پال پوگبا کے اس عمل کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے ان کے ویڈیو کلپ پر اپنے اپنے انداز میں تبصرے کیے تو اکثریت نے اس عمل کی تعریف کی جب کہ کچھ ایسے بھی تھے جو اسے سپانسرز کے لیے نقصان دہ ٹھہراتے رہے۔ 
ٹوئٹر ہینڈل لوجیکل اسلام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا کہ ’فٹبالر  پال پوگبا نے پریس کانفرنس کے دوران اپنے سامنے رکھی گئی شراب کی بوتل کو ہٹا دیا۔ ایک مسلمان ہونے کے ناطے وہ الکوحل سے بنی مصنوعات کے شراکت دار نہیں ہو سکتے۔‘
 

 مین آف دی میچ قرار پانے والے پال پوگبا نے پوسٹ میچ نیوز کانفرنس میں رکھی بیئر کی بوتل کو ہٹایا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

گول نامی ہینڈل نے رونالڈو کا ذکر کیا تو دونوں واقعات پر تبصرے میں لکھا کہ ’پہلے رونالڈو کوکاکولا کے ساتھ اور اب پال پوگبا پریس کانفرنس کے دوران ہبیئر سے ناخوش ہیں۔‘

بوتلیں ہٹائے جانے کے عمل کی مخالفت کرنے والے صارفین نے اسے ٹورنامنٹ سپانسرز کے لیے نقصان دہ قرار دیا تو کچھ ٹویپس نے اس پہلو کو نمایاں بھی کیا۔

پال پوگبا کے اقدام کو درست عمل قرار دینے والوں نے سپانسرز کے فائدے یا نقصان کی پرواہ نہیں کی تو کھل کو فٹبالر کی حمایت کی۔ پاکستانی ٹویپ کرن نے واقعے کی تفصیل بیان کی تو ساتھ ہی فٹبالر کی تعریف بھی کی۔

فرانسیسی مڈفیلڈر کے عمل کا رونالڈو کے ساتھ موازنہ کرنے کا سلسلہ آگے بڑھا تو سپورٹس بائبل نامی ہینڈل نے لکھا کہ ’پال پوگبا یقینا رونالڈو کے کوکا کولا والے واقعے سے متاثر ہوئے ہیں۔‘

دونوں کھلاڑیوں کے اقدامات پر ہونے والی گفتگو نے معاملے کا رخ ماحولیات کی جانب موڑا تو کچھ صارفین مشروبات سے آگے بڑھ کر پلاسٹک پیکنگ کا تذکرہ لیے سامنے آئے۔
ٹوئٹر صارف کورل ویٹا ریفس نے رونالڈو اور پال پوگبا کو مشورہ دیتے ہوئے ٹویٹ میں لکھا کہ ’اگلی بار پلاسٹک سے بنی کی بوتلیں ہٹا دیں۔‘

ٹوئٹر پر جاری گفتگو کے شرکا کی خاصی بڑی تعداد نے جہاں پال پوگبا اور رونالڈو کے اس عمل کو سراہا وہیں کچھ ایسے بھی تھے جنہیں اس پر حیرانی ہوئی۔
سلیمان نامی صارف نے اپنے تبصرے میں لکھا کہ ’رونالڈو نے جو کوکا کولا کے ساتھ کیا وہ ایک احمقانہ اور غیر ضروری عمل تھا میں پال پوگبا کے حالات سمجھ سکتا ہوں۔‘

اس موقع پر کچھ صارفین نے فٹبالرز کی جانب سے سپانسرز سے متعلق رویے کو نامناسب کہا تو یہ خیال بھی ظاہر کیا کہ ان کی ذاتی زندگی کی چمک دمک سپانسرز کی مرہون منت ہی ہوتی ہے، اگر کھلاڑیوں کو سپانسرز سے مسئلہ ہے تو وہ ان سے مالی فائدے حاصل کرنا بند کر دیں۔

سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے جہاں پال پوگبا اور رونالڈو کو سراہا وہیں بعض نے اس عمل پر حیرانی  کا اظہار کیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے گزشتہ روز ہونے والی پریس کانفرنس کے دوران سامنے رکھنے ٹیبل پر موجود کوکا کولا کی دو بوتلیں ہٹا دیں تھی۔ اس واقعے کے بعد سامنے آنے والی رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ کوکا کولا کمپنی کو چار بلین ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔
صارف عبداللہ نامی صارف نے معاملے پر کیے گئے تبصرے میں لکھا تھا کہ ’کوکا کولا کی بوتلیں ہٹانے کا اشارہ وائرل ہونے کے بعد کمپنی نے چار بلین ڈالر کی قدر کھوئی ہے۔

رونالڈو کے اس اشارے سے پہلے کوکا کولا کی مارکیٹ ویلیو 242 بلین ڈالر سے کم ہو کر 238 بلین ڈالر پر پہنچ گئی تھی۔
وجے کمار نامی ہینڈل نے کوکا کولا کو ہونے والے نقصان کا تذکرہ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’کرسٹیانو رونالڈو نے ایک ہاتھ سے کوکا کولا کا کیریئر تباہ کر دیا۔‘

پیر کو یورپی فٹ بال چیمپیئن شپ میں 36 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے پریس کانفرنس کے دوران اپنے سامنے میز پر رکھی کوکا کولا کی دو بوتلیں ہٹا کر ایک طرف رکھ دیں اور پانی کی بوتل اٹھا کر پرتگالی زبان میں کہا ’ایگوا‘۔۔ جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ لوگوں کو کوکا کولا کے بجائے پانی پینے کی ترغیب دے رہے ہیں۔

شیئر: