Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چینی ویکسین کی پہلی خوراک کے بعد ایسٹرا زینیکا کی خوراک لی جاسکتی ہے؟

ترجمان وزارت صحت کے مطابق ’یہ ایک ایسی نوعیت کا معاملہ ہے جس پر ماہرین ہی درست طور پر رہنمائی کرسکتے ہیں (فوٹو اے ایف پی)
حکومت پاکستان نے بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں کی سفری رکاوٹیں دور کرنے کے لیے ایسٹرا زینیکا ویکسین 18 سال سے زائد عمر کے مردوں کو لگانے کی اجازت دے رکھی ہے۔  
اس حوالے سے قارئین اردو نیوز کو متعدد سوالات ارسال کر رہے ہیں کہ کیا چینی ویکسین کی پہلی خوراک لینے کے بعد ایسٹرا زینیکا ویکسین لگوائی جاسکتی ہے؟  
اس حوالے سے وزارت صحت کے ترجمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ایسٹرا زینیکا ویکسین بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانی اپنی سفری دستاویزات دکھا کر کسی بھی ویکسین سینٹر سے لگوا سکتے ہیں۔ تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی حکومتی پالیسی نہیں بنی کہ چینی ویکسین کی پہلی خواراک لینے والے ایسٹرا زینیکا ویکسین لگوا سکتے ہیں یا نہیں۔‘  
انہوں نے مزید کہا کہ ’اس وقت حکومت کی کوشش ہے کہ ان لوگوں کو ویکسین لگوائی جائے جنہوں نے ایک بھی خوراک حاصل نہیں کی، اس لیے مختلف ویکسینز لگوانے کی حوصلہ افزائی نہیں کی جائے گی۔‘  
ترجمان وزارت صحت کے مطابق ’کسی اور ویکسین کی دوسری خوراک لینے کے کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں، اس حوالے سے ماہرین کی رائے کو دیکھنا ہوگا، یہ ایک ایسی نوعیت کا معاملہ ہے جس پر ماہرین ہی درست طور پر رہنمائی کرسکتے ہیں۔ تاہم حکومت کی اس وقت ایسی کوئی پالیسی موجود نہیں ہے۔‘  
ماہرین صحت کیا کہتے ہیں؟  
چینی کمپنی یا کسی اور ویکسین کی خوراک لینے کے بعد کیا کسی دوسری کمپنی کی خوراک لی جاسکتی ہے؟
یہ سوال جب وبائی امراض کے ماہر سابق رکن عالمی ادارہ صحت ڈاکٹر رانا جواد اصغر کے سامنے رکھا تو انہوں نے بتایا کہ ’ابھی تک ویکسینز کی مختلف خوراکیں لینے کے سائیڈ ایفیکٹس سے متعلق کوئی ڈیٹا سامنے نہیں آیا۔ بظاہر اس کا کوئی نقصان نہیں ہے، کیونکہ مشرق وسطی کے کچھ ممالک میں مختلف ویکسینز لگانے کا عمل شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔‘  
ڈاکٹر رانا جواد اصغر کے مطابق ’بحرین اور متحدہ عرب امارات میں جن لوگوں نے سائینو فارم ویکسین کی دو خوراکیں لیں ہیں انہیں فائزر ویکسین کی ایک خوراک بطور بوسٹر شاٹ دی جارہی ہے۔ لیکن کوئی سائیڈ ایفیکٹ نہیں ہوگا اس کے بارے میں کوئی بھی یقین کے ساتھ نہیں کہہ سکتا کیونکہ اس حوالے سے ابھی تحقیق کی جارہی ہے۔‘  
انہوں نے کہا کہ ’اگر کسی نے چینی ویکسین کی پہلی خوراک لے رکھی ہے اور وہ دوسری خوراک ایسٹرا زینیکا کی لیتے ہیں تو انہیں اسٹرازنیکا کی اور خواراک بھی لینی ہوگی جس کے بعد وہ مکمل طور پر محفوظ ہوں گے۔ کیونکہ جب کوئی ویکسین بدل لیتا ہے تو وہ اس کی پہلی خوراک تصور ہوگی۔‘ 

ڈاکٹر اطہر علی رانا بھی اس بات سے متفق ہیں کہ ’ویکسین بدلنے کے کوئی زیادہ مضر اثرات نہیں ہوں گے۔‘ (فوٹو اے ایف پی)

ڈاکٹر رانا جواد اصغر کے مطابق ’امریکا اور کچھ یورپی ممالک میں مختلف کمپنیوں کی ویکسینز لگوانے کے حوالے سے کلینیکل ٹرائلز ہو رہے ہیں جس کے نتائج ابھی آنا باقی ہے۔‘  
اسلام آباد کے شفا ہسپتال میں الرجی اور امیونولوجی کے ماہر ڈاکٹر اطہر علی رانا بھی اس بات سے متفق ہیں کہ ’ویکسین بدلنے کے کوئی زیادہ مضر اثرات نہیں ہوں گے، لیکن دو خواراکیں مکمل کرنا ضروری ہوں گی۔‘  
انہوں نے کہا کہ ’اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا کہ آپ نے اگر پہلی خوراک کسی اور ویکسین کی لگوائی ہے اور دوسری خوارک ایسٹرا زینیکا کی لگانا چاہتے ہیں تو آپ لگوا سکتے ہیں اور اس حوالے سے اب دنیا میں مختلف ویکسینز کے حوالےسے تحقیق بھی کی جارہی ہے جس میں ویکسین زیادہ موثر ہونے کے نتائج سامنے آرہے ہیں۔‘  
روئٹرز میں شائع ہونے والی ایک خبر کے مطابق متعدد ممالک میں مختلف اقسام کی ویکسین لگوانے کے عمل کا اعلان کیا گیا ہے۔  
’بحرین اور متحدہ عرب امارات نے سائنوفارم ویکسین کی دو خوراکیں  لینے والے افراد کو فائزر ویکسین کو بطور بوسٹر شاٹ استعمال کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ کینیڈا میں جن افراد نے ایسٹرا زینیکا ویکسین کی پہلی خوراک لی ہے انہیں کسی بھی قسم کی ویکسین کی دوسری خوراک لینے کی اجازت دی گئی ہے۔‘  

روئٹرز کے مطابق ’ سپین نے بھی ایسٹرا زینیکا کے ساتھ فائزر ویکسین کی دوسری خوراک لینے کی اجازت دے رکھی ہے۔‘ (فوٹو اے ایف پی)

اسی طرح برطانیہ اور امریکہ میں مختلف اقسام کی ویکسینز لگوانے کے کلینیکل ٹرائلز کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔  
روئٹرز کے مطابق ’سویڈن میں 65 سال سے کم عمر کے افراد جنہوں نے پہلی خوراک ایسٹرا زینیکا کی لی ہے انہیں دوسری خوراک کے لیے دوسری قسم کی ویکسین دی جائے گی جبکہ سپین نے بھی ایسٹرا زینیکا کے ساتھ فائزر ویکسین کی دوسری خوراک لینے کی اجازت دے رکھی ہے۔‘ 

شیئر: