Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بجٹ: خیبرپختونخوا میں 2500 سی سی تک گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس صرف ایک روپیہ

بجٹ میں 2500 سی سی سے زائد گاڑیوں پر قیمت کا ایک فیصد ٹیکس لگایا گیا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
خیبر پختونخواہ کی حکومت نے نئے مالی بجٹ میں 25 سو سی سی تک گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس ایک روپیہ کر دی ہے۔
اس بات کا اعلان صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے جمعے کو سال 22-2021 کی بجٹ تقریر میں کیا۔
تیمور سلیم جھگڑا کا بجٹ تقریر میں کہنا تھا کہ ’صوبے میں رجسٹرڈ ہونے والی 2500 سی سی سے کم گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس صرف ایک روپیہ ہو گی جبکہ 2500 سی سی سے زائد گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس گاڑی کی قیمت کا ایک فیصد ہو گی۔‘
حکومت کی جانب سے نئے مالی سال کے بجٹ میں گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس میں تبدیلی کا اطلاق کمرشل گاڑیوں پر نہیں ہو گا۔
وزیر خزانہ تیمور جھگڑا نے صوبائی بجٹ کو ’گیم چینجر‘ قرار دیا تو ایک ٹویٹ میں دوسروں کو ’اپنے صوبے پر فخر کریں‘ کا پیغام بھی دیا۔
صوبائی وزیر نے ٹویٹ میں 2500 سی سی سے زائد گاڑیوں کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی چار فیصد رجسٹریشن فیس کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایک روپے میں اپنی نئی گاڑی رجسٹر کروائیں۔ 2500 سی سی سے زائد گاڑیوں کے لیے رعایتی رجسٹریشن فیس ایک فیصد ہے۔ کسی اور صوبے کی گاڑی کی خیبرپختونخوا میں نئے سرے سے رجسٹریشن مفت ہے۔‘
ایک الگ ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن خیبرپختونخوا میں نئی نمبر پلیٹ فارم اور آن لائن رجسٹریشن تک آسان رسائی متعارف کرا رہا ہے۔‘
صوبائی بجٹ کی تعریف کرنے والے حکومتی جماعت کے حامی صارفین نے ’تاریخی ٹیکس ریلیف‘ کو بھرپور طریقے سے نمایاں کیا۔

محمد وکیل زلمی نامی ایک ٹویپ نے بجٹ تجاویز کا ذکر کرتے ہوئے ’سات لاکھ سے زائد کسانوں کے لیے ٹیکس کے خاتمے‘ اور ’زیرو پروفیشنل ٹیکس‘ کو اپنے دعوے کے ثبوت کے طور پر پیش کیا۔
کچھ صارفین نے خیبرپختونخوا میں چلنے والی گاڑیوں کی رجسٹریشن کا ذکر کیا تو اس سے دوسرے شہروں کو فائدہ پہنچنے کی بات بھی کی۔

ارباب ایس کے نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا ’خیبرپختونخوا کی سڑکوں پر چلنے والی ہر دوسری کار اسلام آباد یا پنجاب کی رجسٹریشن رکھتی ہے۔ وہ کے پی کی سڑکیں تو استعمال کرتے ہیں لیکن سالانہ ٹیکس دوسرے صوبوں کو جاتا ہے۔‘

شیئر: