Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ کپ فٹبال سے قطر کو 20 بلین ڈالر تک معاشی ترقی متوقع

ایونٹ اگلے سال نومبر اور دسمبر میں ہو گا۔(فوٹو عرب نیوز)
امریکی نیوز چینل بلومبرگ نے خبر دی ہے کہ قطر 2022 میں فیفا ورلڈ کپ فٹبال کی میزبانی سے بڑی آمدنی کی توقع کر رہا ہے۔
کمیٹی فار ڈیلیوری اینڈ لیگاسی کے سیکرٹری جنرل حسن الذوادی نے ایک اعلی سطح کے مطالعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم توقع کرتے ہیں کہ معیشت میں شراکت بنیادی طور پر تقریباً 20 بلین ڈالر کی ہو گی۔‘
جو 2019 میں ملک کی مجموعی ڈومیسٹک پراڈکٹ کی 11 فیصد نمائندگی کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ابھی مزید تفصیلی منصوبے کا اعلان ہونا باقی ہے کیونکہ یہ ایونٹ اگلے سال نومبر اور دسمبر میں ہو گا۔
حسن الذوادی نے کہا کہ اس ایونٹ سے تعمیرات اور سیاحت کی صنعتوں کو سے سب سے زیادہ فائدہ ہونے کی توقع ہے۔
خیال رہے کہ قطر نے فیفا ورلڈ کپ فٹبال سے پہلے بڑے پیمانے پر انفراسٹرکچر تیار کیا ہے جو کورونا کی عالمی وبا کے پھیلاؤ کے بعد کھیلوں میں شرکت کرنے والا پہلا ایونٹ ہو سکتا ہے۔
امریکی نیوز چینل بلومبرگ کے مطابق قطر 300 بلین ڈالر کی مالیت سے ایک نیا میٹرو سسٹم، ایئر پورٹ کی توسیع اور مکمل طور پر ایک نیا شہر تعمیر کر رہا ہے۔
قطر کو امید ہے کہ فٹبال ورلڈ کپ کے لیے دیگر خلیجی ممالک اور دنیا بھر سے تقریباً 15 لاکھ تماشائی ایک ماہ قبل سے ایک ماہ بعد تک یہاں موجود رہیں گے۔
فیفا ورلڈ کپ فٹبال 2022  کی تیاری کے سلسلے میں قطر میں سٹیڈیم  تعمیر کیا جا رہا ہے جہاں ہزاروں مزدور کام کر رہے ہیں۔
اس کے علاوہ ورلڈ کپ سے منسلک مہمان نوازی کے لیے ہوٹل اور سکیورٹی جیسے کئی مزید منصوبوں پر تعمیراتی کام جاری ہے۔
خیال رہے کہ فیفا ورلڈ کپ فٹبال 21 نومبر سے 18 دسمبر 2022 تک قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: