متحدہ عرب امارات نے ابوظبی میں ایرانی میزائل حملوں میں ایک پاکستانی شہری کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کی جانب سے سنیچر کو ایکس پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’متحدہ عرب امارات ان حملوں کے نتیجے میں اپنی جان سے جانے والے پاکستانی شہری کے اہلخانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردری کا اظہار کرتا ہے۔ ہم ان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’متحدہ عرب امارات خطے کے ان تمام ممالک سے اظہار یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کرتا ہے جو ان حملوں سے متاثر ہوئے ہیں۔‘
مزید پڑھیں
-
ایران کے خلیجی عرب ممالک پر میزائل حملے، ابوظبی میں ایک شخص ہلاکNode ID: 901213
خیال رہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے جہاں کئی خلیجی عرب ریاستوں نے کہا ہے کہ وہ ایرانی میزائلوں کا نشانہ بنی ہیں۔ تہران نے امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد جوابی کارروائی کا عزم ظاہر کیا تھا جس کے نتیجے میں تنازع ایک ایسے عرب خطے تک پھیل گیا جو نسبتاً محفوظ سمجھا جاتا رہا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق ابوظہبی میں ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔
کویت، قطر، متحدہ عرب امارات اور اردن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ انہوں نے ایرانی میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کر دیا۔
ابوظبی کے رہائشیوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ سنیچر کو انہیں اماراتی دارالحکومت میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔
یو اے ای کی سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق ’امارات نے متعدد ایرانی میزائل کامیابی سے روک لیے۔‘

وام نے مزید کہا کہ ’ملک کے متعلقہ حکام نے ابوظبی کے ایک رہائشی علاقے میں گرنے والے میزائل کے ٹکڑوں کو بھی ہینڈل کیا، جس سے کچھ نقصان ہوا اور ایک ایشیائی شہری ہلاک ہوا۔‘
دوسری جانب امارات میں پاکستانی سفارت خانے نے کہا ہے کہ حالیہ پیش رفت کے تناظر میں تمام پاکستانی شہریوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ پُرسکون رہیں اور قیاس آرائیوں سے گریز کریں۔
سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ اطلاعات کے حصول کے لیے صرف حکومتِ متحدہ عرب امارات کے سرکاری اور مستند ذرائع پر انحصار کریں، غیر مصدقہ خبروں یا سوشل میڈیا رپورٹس کو ہرگز نہ پھیلائیں اور نہ ہی ان پر عمل کریں۔
Embassy of the Islamic Republic Pakistan
Abu Dhabi
***In the light of recent developments, all Pakistani nationals are advised to remain calm and avoid speculation.
Please rely only on official and verified sources of the Government of the United Arab Emirates for information,…
— Pakistan Embassy UAE (@PakinUAE_) February 28, 2026
پاکستانی سفارت خانے نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی شہری احتیاط برتیں، چوکنا رہیں اور غیرضروری سفر سے حتی الامکان گریز کریں۔ اگر آپ نے سفر کا ارادہ کر رکھا ہے تو ایئرپورٹ روانگی سے قبل اپنی پرواز کے شیڈول اور موجودہ صورت حال کی تصدیق متعلقہ ایئرلائن سے ضرور کر لیں۔












