Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلجرشی کے تاریخی پارک میں نایاب پہاڑی بکرے چھوڑے گئے، شکار پر جرمانہ

پہاڑی بکروں کے شکار پر 60 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ (فوٹو ایس پی اے)
 سعودی عرب میں محکمہ جنگلی حیات کے قومی مرکز کی جانب سے بلجرشی کے تاریخی  پارک میں نایاب پہاڑی بکرے چھوڑے گئے ہیں۔ 
دریں اثنا تحفظ ماحولیات نیشنل فورس کا کہنا ہے کہ نایاب پہاڑی بکروں کا شکار منع ہے۔ ایسا کرنے والے پر 60 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ 
ویب نیوز سبق کے مطابق تحفظ ماحولیات کی ٹاسک فورس کا کہنا ہے کہ جنگلی حیات کے تحفظ اور غیر قانونی شکار کرنے والوں کو روکنے کےلیے ٹاسک فورس کی خصوصی ٹیمیں مسلسل گشت کرتی ہیں تاکہ نایاب جنگلی حیات کا تحفظ کیا جاسکے۔ 
قانون کے مطابق نایاب ہونے والے پہاڑی بکروں کا شکار کرنے والوں پر60 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے اگر یہی عمل ایک ہی برس کے اندر دوبارہ کیا جائے تو جرمانہ دگنا کر دیا جاتا ہے۔ خاص کرمادہ  جو حاملہ ہوں اور اس کے علاوہ  بچوں کا شکار کرنے والوں پر جرمانہ دگنا کیا جاتا ہے۔ 
قبل ازیں تحفظ جنگلی حیات کے قومی مرکز کی جانب سے نایاب پہاڑی بکروں کی چند جوڑیوں کو بلجرشی کے الشکران پارک میں چھوڑا گیا۔ یہ پارک پہاڑی علاقے میں گھرا ہوا ہے جہاں کی آب و ہوا ان ہرنوں کی افزائش نسل کے لیے مثالی ثابت ہوگی۔ 

بلجرشی کا الشکران پارک  پہاڑی علاقے میں گھرا ہوا ہے۔ ( فوٹو ایس پی اے)

محکمہ تحفظ جنگلی حیات کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ علاقے میں پہاڑی بکروں کو چھوڑنے کا بنیادی مقصد علاقے کی خوبصورتی اور اس کے قدرتی حسن کو دوبالا کرنا ہے۔
بکرے شاہراہوں پربھی نکل آتے ہیں تاہم ڈرائیوروں کا چاہیے کہ وہ محتاط رہیں۔ وزارت نقل وحمل کے تعاون سے مخصوص علاقوں کی نشاندہی ہے لیے آگاہی بورڈز بھی نصب کیے جا رہے ہیں تاکہ لوگ علاقے میں موجود جنگلی حیات کے بارے میں محتاط رہیں۔  

شیئر: