Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لیاقت علی خان کے بیٹے کا انتقال 2014 میں، فواد چودھری کی تعزیت 2021 میں

اشرف علی خان کا سات سال قبل انتقال ہو چکا تھا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان کے بیٹے کی انتقال کی سات سال پرانی خبر اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے اظہار افسوس کے ساتھ شیئر کرکے سب کو حیران کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے اتوار کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک مقامی اخبار کی سات سال پرانی خبر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’لیاقت علی خان کا بیٹا کراچی میں انتقال کر گئے۔۔۔۔اہلخانہ سے پرخلوص تعزیت‘
خیال رہے کہ لیاقت علی خان کے بیٹے اشرف علی خان کا انتقال 2014 میں ہوگیا تھا اور وہ طویل عرصے سے بیمار تھے۔

سوشل میڈیا صارفین وفاقی وزیر کی اس ٹویٹ پر حیران ہوئے اور اس ٹویٹ کی وجہ پوچھتے رہے۔
گرین ٹی نامی ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ نے لکھا کہ ’اس ٹویٹ کی سمجھ نہیں آئی۔ ان کا انتقال 2014 میں ہوا تھا۔ اسے اب پوسٹ کرنے کے پیچھے وجہ کیا ہے؟؟؟‘

عبدالخالق شیخ نامی صارف نے کہا کہ ’فواد صاحب برائے مہربانی اپنی تصحیح کر لیں یہ 2014 کی خبر ہے۔ تعزیت کرنے میں آپ کو بہت دیر ہوگئی۔‘

حارث نامی صارف نے بھی پوچھا کہ ’کیا تعزیت کو زیادہ دیر نہیں ہوگئی؟‘

دوسری جانب کچھ صارفین وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی طرح بے خبر نکلے اور تعزیت کرتے رہے۔ تاہم بعد ازاں فواد چودھری نے اپنی ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی۔

شیئر: